عرس حضرت شاہ شمس شیرازی کے انعقاد کی منظوری
عرس حضرت شاہ شمس شیرازی کے انعقاد کی منظوری انتظامات کنوینر صفدر حسین کھوکھر کے سپرد ہوں گے ، لو گوں میں خوشی کی لہر
شاہ پور صدر (نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر سرگودھا نے پارلیمانی سیکرٹری سردار عاصم شیر میکن کی سفارش پر شاہ پور شہر کے قدیمی میلہ و عرس حضرت شاہ شمس شیرازی کے انعقاد کی باقاعدہ منظوری دے دی۔میلہ کے لیے درخواست سید مسعود احمد شاہ شیرازی کی جانب سے دی گئی تھی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ہر سال کی طرح اس بار بھی عرس کی تقریبات روایتی انداز میں منعقد کرنے کی اجازت دی جائے ۔ اجازت ملنے کے بعد شاہ پور شہر اور گردونواح میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔عرس و میلہ کے انتظامات کنوینر صفدر حسین کھوکھر کے سپرد ہوں گے ، جبکہ سرپرست سید مسعود احمد شیرازی ہیں۔ منتظمین کے مطابق تین روزہ میلے میں عوامی تفریح کے لیے سپورٹس پروگرام، لکی ایرانی سرکس، دھوم سرکس، موت کا کنواں، چڑیا گھر، جھولے اور دیگر دلچسپ سرگرمیاں شامل ہوں گی۔چوتھے روز خواتین کے لیے روایتی میلہ بھی منعقد کیا جائے گا۔ عرس کی تقریبات کا آغاز مزار حضرت شاہ شمس شیرازی پر چادر پوشی سے ہوگا، جس کے بعد محفل سماع کا انعقاد کیا جائے گا۔میلہ و عرس میں مہمانانِ خصوصی کے طور پر پارلیمانی سیکرٹری لائیوسٹاک سردار محمد عاصم شیر میکن، ڈپٹی کمشنر سرگودھا حسین رضا چودھری، اے ڈی سی جی رانا ابوبکر، سردار آصف حیات میکن اور اسسٹنٹ کمشنر شاہ پور میڈم یسریٰ سہیل بٹ شرکت کریں گے ۔