سبزی وفروٹ منڈی میں یکساں شیڈز اور ٹف ٹائلز لگانے کی ہدایت

سبزی وفروٹ منڈی میں یکساں  شیڈز اور ٹف ٹائلز لگانے کی ہدایت

شیڈز اور سائن بورڈز نصب کیے جائیں گے تاکہ منڈی کو خوبصورت شکل دی جا سکے ،فلٹریشن سسٹم لگانے ، سڑکوں کی مرمت اور نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کی بھی ہدایات

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر سرگودھا کا سبزی و فروٹ منڈی کی اپگریڈیشن کا فیصلہ، یکساں شیڈز اور ٹف ٹائلز لگانے کی ہدایت جاری کر دی ،ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت سبزی و پھل منڈی کے امور کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ہوا، جس میں منڈی کی بہتری، صفائی ستھرائی اور انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سبزی و فروٹ منڈی میں یکساں سائز کے شیڈز اور سائن بورڈز نصب کیے جائینگے تاکہ منڈی کو ایک منظم اور خوبصورت شکل دی جا سکے ۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ منڈی میں صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے اور خصوصاً بارش کے دوران پیدا ہونیوالی مشکلات کو فوری حل کیا جائے ۔بعض تاجروں کے عدالتی کیسز اور ادائیگیوں کے معاملات زیر التواء ہیں جس پر ڈپٹی کمشنر نے ہدایت دی کہ متعلقہ فریقین سے مشاورت کے بعد قابل عمل حل نکالا جائے ۔ ڈپٹی کمشنر نے منڈی میں ٹف ٹائلز کی تنصیب کا دائرہ کار بڑھانے ، فلٹریشن سسٹم لگانے ، سڑکوں کی مرمت اور نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کی بھی ہدایات جاری کیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں