ذخیرہ اندوزی منافع خوری اور مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کیخلاف سخت کاروائی کا فیصلہ

ذخیرہ اندوزی منافع خوری اور مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کیخلاف سخت کاروائی کا فیصلہ

عوام کو ریلیف دینے کیلئے مشترکہ اقدامات پر اتفاق،مشکل معاشی حالات میں سب ایک پیج پر، ٹرانسپورٹرز، تاجر اور کسانوں نے تعاون جاری رکھنے کا اعلان کر دیا گیا

سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) پٹرولیم مصنوعات کے ساتھ ساتھ اشیاء کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ کی آڑ میں ذخیرہ اندوزی، منافع خوری اور مصنوعی مہنگائی کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ ،تمام اسٹیک ہولڈرز کا حکومت اور پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی، کفایت شعاری اپنانے کا عزم،پٹرولیم مصنوعات کی وافر دستیابی، عوام کو ریلیف دینے کیلئے مشترکہ اقدامات پر اتفاق،مشکل معاشی حالات میں سب ایک پیج پر، ٹرانسپورٹرز، تاجر اور کسانوں کا تعاون جاری رکھنے کا اعلان کر دیا گیا ۔

ڈپٹی کمشنر سرگودھا حسین احمد رضا چوہدری اور ڈی پی او صہیب اشرف کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں تاجروں، ٹرانسپورٹرز، کسانوں، چیمبر آف کامرس، صنعتکاروں، ڈیری ایسوسی ایشن، پٹرولیم ایسوسی ایشن سمیت دیگر اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔اجلاس میں شرکاء نے حالیہ بین الاقوامی حالات کے تناظر میں حکومتی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور پاک فوج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان کیا۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نہ صرف خود کفایت شعاری اپنائیں گے بلکہ عوام میں بھی اس کا شعور اجاگر کریں گے ۔ شرکاء نے وزیراعظم شہباز شریف وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باوجود حکومت نے ایک ماہ تک اس کا بوجھ عوام پر منتقل نہیں ہونے دیا، جو ذمہ دار قیادت اور مؤثر حکمت عملی کا ثبوت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قیمتوں میں ناگزیر اضافے کے باوجود ٹارگٹڈ سبسڈی کے ذریعے عوام کو ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے ،ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اعلان کردہ ریلیف اقدامات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ پٹرولیم ایسوسی ایشن نے اجلاس کو آگاہ کیا ۔ضلع سرگودھا میں پٹرولیم مصنوعات کی کوئی کمی نہیں، اس وقت تقریباً 22 لاکھ لیٹر پٹرول اور 18 لاکھ لیٹر ڈیزل دستیاب ہے جبکہ کھپت میں بھی کمی دیکھی جا رہی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں