گندم خریداری میں تاخیرکسانوں کو نفصان کا خدشہ

گندم خریداری میں تاخیرکسانوں کو نفصان کا خدشہ

مڈل مین پہلے ہی سرگرم ہو چکے ،اونے پو نے داموں خریداری شروع،بارشوں سے بھی ہزاروں ایکڑ پر کاشت گندم متاثر ہوئی ہے

سرگودھا (سٹاف رپورٹر)ضلع سرگودھا میں گندم خریداری سیزن کے انتظامات سست روی کا شکار ہیں جبکہ مڈل مین پہلے ہی سرگرم ہو چکے ہیں۔ذرائع کے مطابق حالیہ بارشوں اور ژالہ باری کے باعث ہزاروں ایکڑ پر کاشت گندم متاثر ہوئی ہے ، جس کے نتیجے میں کئی کھیت تباہ ہو گئے ہیں جبکہ متعدد مقامات پر گندم تاحال خشک نہیں ہو سکی۔ بارشوں کے اثرات گندم کے معیار پر بھی پڑ رہے ہیں۔کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے آئندہ چند روز تک وقفے وقفے سے بارشوں کی پیشگوئی نے ان کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے ۔ ان کے مطابق انہوں نے سال بھر کی جمع پونجی گندم کی کاشت میں لگا دی ہے اور اس وقت فصل کو تیز دھوپ کی ضرورت ہے تاکہ گندم کا معیار بہتر ہو سکے اور نمی سے پیدا ہونے والے مسائل ختم ہوں۔دوسری جانب مڈل مین نے متاثرہ کسانوں سے اونے پونے داموں گندم خریدنا شروع کر دی ہے ، جسے بعد ازاں خشک اور صاف کر کے منافع حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔انتظامیہ کی جانب سے 15 اپریل سے گندم خریداری شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے ، تاہم انتظامات سست روی کا شکار ہیں۔ مختلف امور التواء کا شکار ہونے کے باعث امسال گندم خریداری سیزن میں مزید تاخیر کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں