جائیداد ہتھیانے کا الزام، شوہر سمیت4افراد پر مقدمہ
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)جعلسازی کے ذریعے بیوی کے نام ہونے والی جائیداد ہتھیانے کے الزام پر شوہر سمیت دیگر ملوث افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔
24 جنوبی کی رہائشی ہما بی بی نے پولیس کو دی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ اسے والد کی طرف سے کمرشل اراضی اور دکانیں وراثت میں ملی تھیں۔مدعیہ کے مطابق اس کے شوہر علی منیر نے اپنی والدہ شمیم اور دیگر ساتھیوں انعام سلیم اور اسامہ کے ساتھ مل کر سازباز کی اور اسے بیرون ملک لے جانے کے بہانے کچھ اسٹام پیپرز اور کاغذات پر دستخط کروائے ۔بعد ازاں ملزمان نے تمام جائیداد اپنے نام منتقل کروا لی اور اکاؤنٹ سے رقم بھی نکلوا کر ہڑپ کر لی۔پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے ۔