سلانوالی:سینما روڈ تعمیراتی منصوبے میں مبینہ بے ضابطگیاں
سلانوالی:سینما روڈ تعمیراتی منصوبے میں مبینہ بے ضابطگیاں منصوبے میں مبینہ طور پر غیر معیاری سب بیس میں کچا پتھر استعمال کیا گیا
سلانوالی (نمائندہ دنیا)محکمہ ہائی وے سرگودھا کے افسران کی مبینہ سہولت کاری کے باعث سینما روڈ کے کروڑوں روپے مالیت کے تعمیراتی منصوبے میں بے ضابطگیوں اور ناقص مٹیریل کے استعمال کا انکشاف سامنے آیا ہے ، جس پر شہری حلقوں میں تشویش پائی جا رہی ہے ۔سلانوالی کی معروف سینما روڈ جو عرصہ دراز سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھی اور جگہ جگہ گہرے کھڈوں کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا تھا، اس کی ازسرنو کارپٹنگ اور دونوں اطراف نکاسی آب کے نالوں کی تعمیر کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے کروڑوں روپے کے فنڈز فراہم کیے گئے تھے ۔تاہم مقامی ذرائع کے مطابق منصوبے پر کام شروع تو کیا گیا مگر ایک سال گزرنے کے باوجود کام مکمل نہ ہو سکا، جس کے باعث نادرا آفس، بینکوں اور کاروباری مراکز تک آمد و رفت میں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔مزید یہ کہ منصوبے میں مبینہ طور پر غیر معیاری سب بیس میں کچا پتھر استعمال کیا گیا، جبکہ نالوں کی تعمیر میں ناقص اینٹیں اور غیر معیاری سیمنٹ، بجری اور ریت کا استعمال کیا گیا ہے ۔ بعض مقامات پر پلستر بھی نہ کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔علاقہ مکینوں کے مطابق حالیہ بارشوں کے بعد نیا تعمیر کیا گیا نالہ کئی جگہوں سے زمین میں دھنس گیا ہے ، جس سے منصوبے کے معیار پر سنگین سوالات اٹھ گئے ہیں۔شہری سماجی شخصیات نے وزیراعلیٰ پنجاب سے فوری نوٹس لینے اور مبینہ کرپشن و بے ضابطگیوں میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔