خوشاب :غیر قانونی ڈیزل ایجنسیوں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ
خوشاب :غیر قانونی ڈیزل ایجنسیوں کیخلاف کارروائی کا مطالبہمتعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ، سنگین حادثے کا خدشہ بر قرار
خوشاب (نمائندہ دنیا)حکومت کے واضح احکامات کے باوجود ضلع خوشاب کے دیہی اور شہری علاقوں میں قائم غیر قانونی ڈیزل ایجنسیوں کا خاتمہ نہ ہو سکا۔ مختلف علاقوں میں مبینہ طور پر پٹرول اور ڈیزل ذخیرہ کرنے اور ان کی خرید و فروخت کا کاروبار کھلے عام جاری ہے ، جبکہ متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔سماجی اور عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ گنجان آباد رہائشی علاقوں میں قائم یہ غیر قانونی ایجنسیاں کسی بھی وقت سنگین حادثے کا سبب بن سکتی ہیں، جس سے انسانی جانوں اور املاک کو شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے ۔شہریوں کے مطابق وزارتِ پٹرولیم کے این او سی کے بغیر کسی بھی علاقے میں پٹرولیم مصنوعات کی فروخت کی اجازت نہیں، لیکن اس کے باوجود ضلع کے مختلف علاقوں، گلی محلوں اور بازاروں میں یہ کاروبار جاری ہے ۔ بعض کریانہ فروشوں نے بھی پٹرول کی فروخت کو اپنے کاروبار کا حصہ بنا رکھا ہے ۔عوامی اور سماجی حلقوں نے اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ عوام اور علاقے کے لیے خطرہ بننے والی غیر قانونی ڈیزل و پٹرول ایجنسیوں کے خلاف فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے ۔