خوشاب : پٹواریوں کی ہڑتال طویل ہو گئی، تحصیل آفس سیل
خوشاب : پٹواریوں کی ہڑتال طویل ہو گئی، تحصیل آفس سیلتحصیل آفس میں صرف وہی پٹواری داخل ہو سکیں گے جو سرکاری کام کرینگے
خوشاب (نمائندہ دنیا) خوشاب میں پٹواریوں کی قلم چھوڑ ہڑتال طول پکڑ گئی، جس پر ضلعی انتظامیہ کی ہدایت کے بعد تحصیلدار خوشاب سید اطہر عباس شیرازی نے تحصیل آفس کو سیل کر دیا۔تحصیلدار سید اطہر عباس شیرازی کا کہنا ہے کہ تحصیل آفس میں صرف وہی پٹواری داخل ہو سکیں گے جو سرکاری امور سرانجام دیں گے ، جبکہ ہڑتالی پٹواریوں کے لیے تحصیل آفس میں کوئی گنجائش نہیں ہے ۔تحصیل آفس کے دروازوں پر تالے لگائے جانے کے بعد ہڑتالی پٹواریوں نے اپنا احتجاجی کیمپ دفتر سے باہر سڑک پر منتقل کر دیا اور اعلان کیا کہ مطالبات کی منظوری تک قلم چھوڑ ہڑتال جاری رکھی جائے گی۔دوسری جانب شہریوں نے موقف اختیار کیا ہے کہ تحصیل آفس ایک عوامی ادارہ ہے جہاں تحصیلدار، کلرک اور دیگر ریونیو افسران فرائض انجام دیتے ہیں، اس لیے پٹواریوں کو اپنے متعلقہ پٹوار خانوں میں کام کرنا چاہیے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر پٹواری احتجاج کرنا چاہتے ہیں تو وہ اپنے دفاتر یا پٹوار خانوں میں احتجاجی کیمپ قائم کریں تاکہ عوامی امور متاثر نہ ہوں۔ہڑتال کے باعث ریونیو سے متعلق متعدد سرکاری اور عوامی معاملات متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے ، جبکہ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے مسئلے کے فوری حل کا مطالبہ کیا ہے ۔