چنگ چی رکشے اور ٹریفک مسائل، شہریوں کو شدید مشکلات
چنگ چی رکشے اور ٹریفک مسائل، شہریوں کو شدید مشکلاتغیر قانونی سٹینڈز کا خاتمہ تاحال ممکن نہیں ہو سکا، صورتحال مزید بگڑنے کا خدشہ
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)متعدد شکایات اور کمشنر و ڈپٹی کمشنر کے واضح احکامات کے باوجود خوشاب روڈ، فاطمہ جناح روڈ، یونیورسٹی روڈ سمیت شہر کی اہم سڑکوں پر چنگ چی رکشوں کے غیر قانونی سٹینڈز کا خاتمہ تاحال ممکن نہیں ہو سکا، جس سے ٹریفک صورتحال مزید بگڑنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے ۔شہر کے مختلف مقامات خصوصاً ہسپتال چوک، شربت والا چوک، طفیل چوک اور اردو بازار چوک میں مبینہ طور پر غیر قانونی تجاوزات اور رکشہ مافیا کے باعث ٹریفک کا دباؤ شدید ہو چکا ہے ۔ اندرون شہر جاری ترقیاتی کاموں کے باعث متعدد سڑکیں بند ہونے سے ٹریفک کا رخ ان اہم چوراہوں کی طرف بڑھ گیا ہے ۔صورتحال کے باعث ان مقامات پر دن بھر وقفے وقفے سے ٹریفک کی روانی متاثر رہتی ہے جبکہ شہریوں کے لیے گزرنا بھی دشوار ہو گیا ہے ۔ حادثات اور لڑائی جھگڑوں کے واقعات بھی معمول بنتے جا رہے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ اگرچہ ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے کارروائیاں کی گئی ہیں، تاہم صورتحال پر مکمل کنٹرول ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے ۔ جاری احکامات پر مؤثر عملدرآمد کے لیے واضح حکمت عملی بھی تاحال سامنے نہیں آ سکی۔شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹریفک کے اس سنگین مسئلے کو فوری طور پر حل کیا جائے اور غیر قانونی اسٹینڈز و تجاوزات کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔