اسلام امن، محبت اور بھائی چارے کا درس دیتا :علامہ عبدالرشید
اسلام امن، محبت اور بھائی چارے کا درس دیتا :علامہ عبدالرشید ملک دشمن عناصر اشتعال انگیزی کرتے ہیں ،سکیورٹی ادارے سخت کارروائی کریں
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)ناظم اعلیٰ مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان علامہ عبدالرشید حجازی نے کہا ہے کہ دین اسلام اپنے ماننے والوں کو ہر حال میں امن و سلامتی، پیار و محبت اور باہمی خیر خواہی کا درس دیتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام ہی نہیں بلکہ سال کے ہر دن مسلمانوں کے لیے لازم ہے کہ وہ ایک دوسرے کی عزت و احترام کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے دوسروں کو اپنے اوپر ترجیح دیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے آغاز کے ساتھ ہی بعض عناصر کی جانب سے فرقہ واریت کو ہوا دینے کی کوششیں کی جاتی ہیں، جس سے امن و امان کی صورتحال متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوتا ہے ۔ ان کے مطابق چند ناعاقبت اندیش اور اسلام و پاکستان دشمن عناصر سوشل میڈیا اور دیگر پلیٹ فارمز کے ذریعے اشتعال انگیزی کرتے ہیں۔علامہ عبدالرشید حجازی نے کہا کہ حکومت اور سکیورٹی اداروں کو چاہیے کہ ایسے عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کریں جو ملک کے پرامن ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض عناصر بیرونی ایما پر ملک کے استحکام سے کھیلنے کی کوشش کرتے ہیں، جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سوشل میڈیا پر اصحابِ رسول ﷺ اور امہات المؤمنین رضوان اللہ علیہم اجمعین کی شان میں گستاخی کرنے والوں کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی کی جائے تاکہ معاشرے میں امن و سکون قائم رہے۔ اور پاکستان امن و سلامتی کا گہوارہ بن سکے ۔