زیر تعمیر عمارتوں اور کمرشل پلازوں میں بے ضابطگیاں، حادثات کا خدشہ

زیر تعمیر عمارتوں اور کمرشل پلازوں میں بے ضابطگیاں، حادثات کا خدشہ

ایس او پیز پر عملدرآمد نہ ہونے کے برابر، تعمیراتی سامان سڑکوں پر رہتا ہے، کئی مقامات پر ٹریفک کی روانی متاثر، جھگڑوں کے واقعات بھی سامنے آ رہے ہیں

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) شہر بھر میں نئی عمارتوں اور پلازوں کی تعمیرکیساتھ ساتھ مختلف شاہراؤں پر ہونیوالے ترقیاتی کاموں کے دوران بے ضابطگیوں کا سلسلہ جاری ہے ، جبکہ حفاظتی اقدامات اور متعلقہ قواعد و ضوابط پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث یہ امر انتہائی رسک بن کر رہ گیا ہے ،شہر کے مختلف علاقوں میں زیرِ تعمیر عمارتوں اور کمرشل پلازوں میں احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کی جا رہیں۔ خصوصاً ممکنہ برسات کے موسم کے حوالے سے جاری کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد نہ ہونے کے برابر ہے جس سے حادثات کے خدشات میں اضافہ ہو گیا ہے ،شہریوں کا کہنا کہ بیشتر تعمیراتی مقامات پر حفاظتی باڑ، انتباہی سائن بورڈز اور دیگر ضروری انتظامات نہ ہونے کے باعث راہگیر اور قریبی مکین خطرات سے دوچار رہتے ہیں۔ علاوہ ازیں تعمیراتی سامان سڑکوں پر رکھے جانے کے باعث کئی مقامات پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے اور سڑکیں جزوی یا مکمل طور پر بند رہتی ہیں،دوسری جانب زیرِ تعمیر عمارتوں کے اطراف میں موجود املاک کے مالکان کو پیشگی اطلاع نہ دیے جانے کے باعث آئے روز شہریوں، عمارت مالکان اور ٹھیکیداروں کے درمیان تنازعات اور جھگڑوں کے واقعات بھی سامنے آ رہے ہیں، جو تشویش کا باعث بن رہے ہیں،شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ تعمیراتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور حفاظتی ضوابط پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کی جان و مال کا تحفظ ممکن ہو سکے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں