مصنر صحت پانی کے باعث ہیپاٹائٹس مریضوں میں اضافہ

مصنر صحت پانی کے باعث ہیپاٹائٹس مریضوں میں اضافہ

دو ماہ سے پینے کے پانی کی فراہمی تعطل کا شکار ، واٹر سپلائی سکیم تعمیر کی گئی ،زمین کا عدالتی فیصلہ ہونے پر مقامی افراد نے قبضہ میں لے لیا ، واٹر سپلائی کا کنکشن منقطع کر دیا گیا اعلیٰ حکام کو حقائق کے برعکس رپورٹس ارسال کرتے رہے ،تشویشناک امر یہ ہے کہ آبادیوں کے قریبی علاقوں میں فراہم کردہ پانی میں سیوریج کے پانی کی آمیزش معمول بن چکی

سرگودھا(نعیم فیصل سے ) صاف پانی کی عدم فراہمی، متعدد کالونیوں میں ہیپاٹائٹس کے مریضوں میں اضافہ، شہری سراپا احتجاج بن کر رہ گئے ہیں۔نیو ملت پار ک ، مجاہد کالونی، گل والا، منظور ٹاؤن، اسلام پورہ، زبیدہ رضا ٹاؤن، منور کالونی، ٹوانہ پارک اور ملحقہ علاقوں میں گزشتہ دو ماہ سے پینے کے پانی کی فراہمی مکمل طور پر تعطل کا شکار ہے ، کیونکہ گل والا کے مقام پر جس جگہ مین واٹر سپلائی سکیم تعمیر کی گئی تھی اس زمین کا عدالتی فیصلہ ہونے پر مقامی افراد نے اسے اپنے قبضہ میں لے لیا اور واٹر سپلائی کا کنکشن منقطع کر دیا گیا، جس کے باعث ہزاروں گھرانوں کو پانی کی سپلائی مکمل طور پر معطل ہے ، متاثرین کا کہنا ہے کہ انہوں نے متعدد بار تحریری درخواستوں، عوامی شکایات اور ذاتی ملاقاتوں کے ذریعے متعلقہ اداروں کو صورتحال سے آگاہ کیا، مگر ان کی شکایات کو سنجیدگی سے نہیں لیا گیا۔ شہریوں نے الزام لگایا کہ بعض متعلقہ افسران مسئلے کے مستقل حل کے بجائے اعلیٰ حکام کو حقائق کے برعکس رپورٹس ارسال کرکے صورتحال کو معمول کے مطابق ظاہر کر رہے ہیں،جبکہ باعث تشویش امر یہ ہے کہ متذکرہ آبادیوں کے قریبی علاقوں میں فراہم کردہ پانی میں سیوریج کے پانی کی آمیزش معمول بن چکی ہے گھروں میں آنے والا پانی بدبو دار، آلودہ اور انسانی استعمال کے لیے غیر موزوں ہے ، مگر متبادل انتظام نہ ہونے کے باعث لوگ یہی پانی استعمال کرنے پر مجبور ہیں،شہریوں کے مطابق آلودہ پانی کے مسلسل استعمال کے باعث ہیپاٹائٹس بی اور سی کے مریضوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ معدے ، جگر، جلد اور آنتوں سے متعلق بیماریوں کے کیسز بھی بڑھ رہے ہیں۔ علاقہ مکینوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر فوری طور پر مسئلے کا حل نہ نکالا گیا تو صورتحال مزید سنگین صورت اختیار کر سکتی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں