محرم میں قانون نافذ کرنیوالے ادارے الرٹ رہیں گے ،کمشنر
سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت، اشتعال انگیزی پر قانونی کارروائی کی جائے گی
بھکر(ڈسٹرکٹ رپورٹر)کمشنرسرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے کہا ہے کہ ضلع بھکر میں ضلعی امن کمیٹی کے اراکین کا قیامِ امن کے حوالہ سے مثالی کردار قابلِ تقلید ہیاور ان کے آپسی تعاون سے ضلع میں امن و امان کی مثالی فضا قائم ہے جسے آئندہ بھی یونہی برقرار رکھا جائے ۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ضلعی انتظامیہ،پولیس، علمائے کرام اور امن کمیٹی کے اراکین مشترکہ کاوشوں کو موثر انداز میں جاری رکھیں تاکہ ضلع میں امن و امان اور بھائی چارے کی فضا قائم رہے ۔ انہوں نے کہا کہ شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے پیش نظر جلوسوں کے راستوں اور اہم مقامات پر سبیلوں، ٹھنڈے پانی، سایہ دار جگہوں اور طبی امداد کی فراہمی کے خصوصی انتظامات کیے جائیں جبکہ ریسکیو 1122،محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ اداروں کی ٹیمیں ہمہ وقت متحرک رہیں تاکہ کسی بھی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے ۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈی سی آفس بھکر میں محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے منعقدہ ضلعی امن کمیٹی کے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر آر پی او آصف شہزاد نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل طور پر الرٹ رہیں گے اور حساس مقامات کی کڑی نگرانی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا سمیت کسی بھی پلیٹ فارم پر مذہبی منافرت، اشتعال انگیزی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرنیوالے عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ آر پی او نے شہریوں، علمائے کرام اور امن کمیٹی کے اراکین پر زور دیا کہ وہ امن، رواداری اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ تاکہ ضلع بھکر میں محرم الحرام کے دوران مثالی امن و امان کی فضا برقرار رکھی جا سکے #