محرم الحرام سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کی ہدایت
محرم الحرام سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کی ہدایت ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے کیے گئے انتظامات کے بارے بریفنگ
سرگودھا (سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے ڈپٹی کمشنر کمپلیکس سرگودھا میں قائم کنٹرول روم کا دورہ کیا اور محرم الحرام کے دوران امن و امان، سکیورٹی، مانیٹرنگ اور دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چودھری، متعلقہ محکموں کے افسر اور انتظامی افسربھی موجود تھے ۔ کمشنر کو کنٹرول روم کی فعالیت، مختلف محکموں کی ڈیوٹیوں، فیلڈ میں تعینات عملے ، افسران و اہلکاروں کی تربیت اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کیے گئے انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
کمشنر کو بتایا گیا کہ محرم الحرام کے دوران جلوسوں اور مجالس کی مسلسل نگرانی کے لیے شہر بھر میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کو کنٹرول روم سے منسلک کیا گیا ہے جبکہ مختلف محکموں کے نمائندے چوبیس گھنٹے ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں تاکہ کسی بھی صورتحال پر فوری ردعمل دیا جا سکے ۔کمشنر نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران تمام ادارے باہمی رابطے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیں اور مجالس و جلوسوں کے شرکاء کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام، ٹریفک مینجمنٹ، صفائی ستھرائی، بجلی، پانی اور ہنگامی طبی سہولیات کے حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ کنٹرول روم کو مکمل طور پر فعال رکھا جائے ، مانیٹرنگ نظام مؤثر بنایا جائے اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ادارے ہمہ وقت الرٹ رہیں تاکہ محرم الحرام کے تمام پروگرام پُرامن اور محفوظ ماحول میں منعقد ہو سکیں۔