ایس ڈی اے کا 697.415 ملین روپے کا بجٹ منظور

ایس ڈی اے کا 697.415 ملین روپے کا بجٹ منظور

ایس ڈی اے کا 697.415 ملین روپے کا بجٹ منظورکمشنر کی زیر صدارت اجلاس ، بروقت عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت

سرگودھا (سٹاف رپورٹر )کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی کی زیرِ صدارت سرگودھا ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایس ڈی اے ) کی گورننگ باڈی کا 29واں اجلاس کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا، جس میں مالی سال 2026-27 کے لیے 697.415 ملین روپے حجم کا سالانہ بجٹ متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سرگودھا حسین احمد رضا چوہدری، ڈائریکٹر جنرل سرگودھا ڈویلپمنٹ اتھارٹی، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس، سیکرٹری فنانس، سیکرٹری ہاؤسنگ، اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے نمائندگان، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن، چیف آفیسر ڈسٹرکٹ کونسل اور دیگر متعلقہ افسروں نے شرکت کی۔

اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ مالی سال 2026-27 کے دوران سرگودھا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی متوقع آمدن 681.110 ملین روپے جبکہ کل دستیاب وسائل 697.415 ملین روپے ہوں گے ۔ اسی عرصے میں 682.022 ملین روپے کے اخراجات تجویز کیے گئے ہیں، جبکہ مالی سال کے اختتام پر 15.393 ملین روپے کا اختتامی بیلنس متوقع ہے ۔گورننگ باڈی کو بتایا گیا کہ ادارے کی متوقع آمدن کا 85 فیصد سے زائد حصہ رئیل اسٹیٹ اثاثوں سے حاصل ہوگا، جس میں ماڈل ٹاؤن ہاؤسنگ سکیم کے پلاٹس، ٹرسٹ پلازہ کی کمرشل دکانوں، عمارتوں کی فروخت، پی ایچ ایس سے آمدن، ٹرانسپورٹ اسٹینڈ فیس اور دیگر ذرائع سے حاصل ہونے والی وصولیاں شامل ہیں۔

کمشنر حافظ شوکت علی نے ہدایت کی کہ بجٹ میں شامل تمام ترقیاتی منصوبوں پر مقررہ ٹائم لائن کے مطابق شفاف، معیاری اور بروقت عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو جدید انفراسٹرکچر، بہتر شہری سہولیات اور معیاری میونسپل خدمات فراہم کی جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق شہری ترقی، مالیاتی نظم و ضبط، وسائل کے مؤثر استعمال، ریونیو میں اضافہ، شفاف طرزِ حکمرانی اور پائیدار ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت پنجاب کی ترجیحات ہیں، اور سرگودھا ڈویلپمنٹ اتھارٹی ان اہداف کے حصول کے لیے مؤثر انداز میں کام جاری رکھے گی۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں