ہیٹ ویو، مون سون، ممکنہ سیلاب تمام ادارے الرٹ

ہیٹ ویو، مون سون، ممکنہ سیلاب تمام ادارے الرٹ

ڈپٹی کمشنر کی تمام متعلقہ محکموں کو پیشگی حفاظتی اقدامات مکمل کرنے کی ہدایت ، حساس مقامات، نشیبی علاقوں کی نگرانی ،سرکاری ہسپتالوں میں بھی ہنگامی ہدایات

سرگودھا (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر سرگودھا حسین احمد رضا چودھری نے ہیٹ ویو، مون سون بارشوں اور ممکنہ اربن فلڈنگ کے خدشات کے پیش نظر ضلع بھر کے تمام متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ رہنے اور پیشگی حفاظتی اقدامات مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔ڈپٹی کمشنر نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں نالوں، برساتی گزرگاہوں اور آبی گزرگاہوں کی ڈی سلٹنگ، صفائی اور نکاسی آب کے انتظامات کی روزانہ خود نگرانی کریں۔

انہوں نے کہا کہ بارش کے دوران شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے سے بچانے کے لیے ہر قسم کی رکاوٹ اور تجاوزات فوری طور پر ختم کی جائیں۔انہوں نے واسا، میونسپل کارپوریشن، میونسپل کمیٹیوں اور دیگر بلدیاتی اداروں کو ہدایت کی کہ تمام مشینری، سکشن مشینیں، ڈی سلٹنگ آلات، واٹر باؤزرز اور عملہ مکمل طور پر فعال رکھا جائے تاکہ بارش کے دوران پانی کی فوری نکاسی یقینی بنائی جا سکے ۔ڈپٹی کمشنر نے ریسکیو 1122، محکمہ صحت، محکمہ آبپاشی، پولیس، سول ڈیفنس، لائیو اسٹاک، محکمہ ہائی ویز اور دیگر متعلقہ اداروں کو بھی ہدایت کی کہ تمام ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں ہر وقت الرٹ رہیں، حفاظتی سامان اور ضروری مشینری دستیاب رکھی جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اور مؤثر کارروائی کو یقینی بنایا جائے انہوں نے حساس مقامات، نشیبی علاقوں، دریائی پٹی، برساتی نالوں اور ممکنہ فلڈ پوائنٹس کی مسلسل نگرانی کرنے ، جبکہ ضلعی کنٹرول روم سمیت تمام متعلقہ کنٹرول رومز کو 24 گھنٹے فعال رکھنے اور محکموں کے درمیان مؤثر رابطہ برقرار رکھنے کی بھی ہدایت کی۔

حسین احمد رضا نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ ہیٹ ویو کے پیش نظر تمام سرکاری ہسپتالوں اور مراکز صحت میں ہیٹ اسٹروک کاؤنٹرز، ادویات، او آر ایس، ٹھنڈے پانی اور طبی عملے کی دستیابی یقینی بنائی جائے ، جبکہ محکمہ لائیو اسٹاک مویشیوں کے لیے صاف پانی، چارے اور ویکسین کی فراہمی کے انتظامات مکمل رکھے ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق ضلعی انتظامیہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے ۔ انہوں نے تمام افسران کو فیلڈ میں متحرک رہنے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ فرائض کی انجام دہی میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں