غیر قانونی ہاؤسنگ سکیم کیخلاف کارروائی ،سرکاری ٹیم کو دھمکیاں
ڈسٹرکٹ کونسل کی درخواست پر متعدد افراد کیخلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)سرگودھا میں مبینہ غیر قانونی ہاؤسنگ سکیم کے خلاف کارروائی کے دوران سرکاری ٹیم کو مزاحمت، دھمکیوں اور کارِ سرکار میں مداخلت کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد ڈسٹرکٹ کونسل کی درخواست پر متعدد افراد کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا،ایف آئی آر میں ڈسٹرکٹ کونسل سرگودھا کے انفورسمنٹ انسپکٹر (بلڈنگ) نے مؤقف اختیار کیا کہ سلانوالی روڈ پر چک نمبر 79 شمالی میں قائم \"پارک ویو ہاؤسنگ سکیم\" مبینہ طور پر پنجاب پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیمز رولز 2022 کے تحت مطلوبہ منظوری حاصل کیے بغیر قائم کی گئی، جبکہ پارکس، قبرستان، عوامی عمارتوں کے لیے مختص رقبہ، کنورژن فیس، رہن اور دیگر قانونی تقاضے بھی پورے نہیں کیے گئے ، سکیم کے مالکان اور ان کے ساتھی ایک پراپرٹی ڈیلر کے ذریعے مبینہ طور پر غیر قانونی طور پر پلاٹوں کی خرید و فروخت کر رہے تھے ، جس سے شہریوں کے ساتھ فراڈ اور دھوکہ دہی کا خدشہ پیدا ہوا،جس پر انفورسمنٹ انسپکٹر محسن عطا، بلڈنگ انسپکٹر قاسم محمود اور نائب قاصد عثمان غنی کے ہمراہ غیر قانونی قرار دیے گئے سائٹ آفس کو سیل کرنے پہنچے تو وہاں موجود پراپرٹی ڈیلر محمد عثمان اور اس کے ساتھ موجود پانچ نامعلوم افراد نے مبینہ طور پر کارروائی میں مزاحمت کی،ملزمان مبینہ طور پر پستول لہرا کر سرکاری ملازمین کو جان سے مارنے اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتا رہا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments