وزیراعظم سے سعودی کاروباری وفد کی ملاقات، سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے سعودی پاک مشترکہ بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد آل سعود کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے سعودی کاروباری وفد نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے اپنی جانب سے دلی احترام اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے دونوں برادر ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ کے مختلف امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔

سعودی وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے وژن کے مطابق پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے اقتصادی تعلقات کو باہمی مفاد پر مبنی سٹریٹجک اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کا خواہاں ہے۔

وزیراعظم نے شہزادہ منصور بن محمد آل سعود کے پاکستان کے سابقہ دوروں کا بھی ذکر کیا اور امید ظاہر کی کہ ان کا موجودہ دورہ گزشتہ بات چیت کو آگے بڑھانے اور مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کی راہ ہموار کرے گا۔

شہزادہ منصور بن محمد آل سعود نے زراعت، بندرگاہوں، شاہراہوں، ہوائی اڈوں کی آؤٹ سورسنگ، رئیل سٹیٹ، توانائی، بجلی کی تقسیم اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے ان ترجیحی شعبوں میں سعودی سرمایہ کاری کی دلچسپی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ تعاون، خواہ حکومت سے حکومت (G2G) ہو یا کاروبار سے کاروبار (B2B)، کے لیے یہ بہترین اور موزوں ترین وقت ہے۔

شہزادہ منصور بن محمد آل سعود نے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کے ساتھ کاروباری روابط کو مزید گہرا کرنے میں سعودی حکومت اور سعودی کاروباری برادری کی مسلسل دلچسپی کا اعادہ کیا۔

سعودی وفد اپنے دورہ پاکستان کے دوران متعدد اعلیٰ حکومتی نمائندوں اور نجی شعبے کے اہم اسٹیک ہولڈرز سے بھی ملاقاتیں کرے گا۔

ملاقات میں وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، ڈاکٹر مصدق ملک، جام کمال خان، محمد اورنگزیب، عطااللہ تارڑ، جنید انوار چوہدری، علی پرویز ملک موجود تھے۔

سردار اویس احمد خان لغاری، محمد حنیف عباسی، وزیراعظم کے مشیران محمد علی، ہارون اختر خان، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...