کیمیکل ملا مضرِ صحت دودھ فروخت کیے جانے کا انکشاف
کیمیکل ملا مضرِ صحت دودھ فروخت کیے جانے کا انکشاف بچوں اور بڑوں میں بیماریوں میں اضافے پر شہریوں کی شدید تشویش
شاہپور صدر (نامہ نگار ) شاہپور صدر، جھاوریاں، شاہپور سٹی اور گردونواح میں مبینہ طور پر پانی اور کیمیکل ملا مضرِ صحت دودھ فروخت کیے جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے ، جس کے باعث بچوں اور بڑوں میں پیٹ، آنتوں، جگر اور دیگر بیماریوں میں اضافے پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق شہریوں کا کہنا ہے کہ بعض عناصر مبینہ طور پر دودھ میں پانی اور خطرناک کیمیکل ملا کر گھروں اور دکانوں تک سپلائی کر رہے ہیں۔ ان کا مؤقف ہے کہ اس دودھ کے استعمال سے شہریوں، خصوصاً بچوں کی صحت متاثر ہو رہی ہے ۔
ماہرینِ صحت کے مطابق اگر دودھ میں کیمیکل یا دیگر مضر اجزاء شامل کیے جائیں تو اس کا مسلسل استعمال انسانی صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے ، جبکہ نومولود اور کم عمر بچوں پر اس کے اثرات زیادہ سنگین ہو سکتے ہیں۔شہریوں میں ملک ثاقب انصاری ، مظہر عباس میکن ، چوہدری بشیر گوندل ، عنائت اللہ سندرانہ ،ملک فیروز لکھیال ،سید نذر شاہ ،چوہدری محمد حنیف میکن ،صفدر حسین کھوکھر سمیت دیگر نے ڈپٹی کمشنر سرگودھا، محکمہ صحت اور پنجاب فوڈ اتھارٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ مبینہ طور پر ملاوٹ میں ملوث عناصر کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی کی جائے ، دودھ کے نمونے حاصل کرکے لیبارٹری ٹیسٹ کرائے جائیں اور ملاوٹ ثابت ہونے پر ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ عوام کو محفوظ اور معیاری دودھ کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments