مہنگائی ،جائیداد کی خریدو فروخت کا کاروبار مکمل ٹھپ
پراپرٹی مارکیٹ میں غیر معمولی سست روی کے باعث نہ صرف سرمایہ کار اور پراپرٹی ڈیلرز مشکلات کا شکار بلکہ سرکاری خزانے کی آمدن بھی نمایاں طور پر متاثر ہو رہی موجودہ صورتحال میں رجسٹریوں کی تعداد کم ہو کر محض 15 سے 20 رہ گئی ،سرمایہ کار غیر یقینی معاشی صورتحال کے باعث نئی سرمایہ کاری سے گریز کر رہے ہیں ،ذرائع
سرگودھا(نعیم فیصل سے ) بڑھتی ہوئی مہنگائی، روپے کی مسلسل بے قدری اور تعمیراتی سامان کی آسمان سے باتیں کرتی قیمتوں نے سرگودھا سمیت پورے ریجن میں جائیداد کی خرید و فروخت کا کاروبار شدید بحران سے دوچار کر دیا ہے ۔ پراپرٹی مارکیٹ میں غیر معمولی سست روی کے باعث نہ صرف سرمایہ کار اور پراپرٹی ڈیلرز مشکلات کا شکار ہیں بلکہ سرکاری خزانے کی آمدن بھی نمایاں طور پر متاثر ہو رہی ہے ،ذرائع کے مطابق چند سال قبل تحصیل آفس سرگودھا میں روزانہ اوسطاً 70 سے 80 رجسٹریاں ہوتی تھیں، جن سے حکومتی خزانے میں لاکھوں روپے کی آمدن ہوتی تھی، تاہم موجودہ صورتحال میں رجسٹریوں کی تعداد کم ہو کر محض 15 سے 20 رہ گئی ہے ۔ ان میں بھی زیادہ تر کم مالیت کی جائیدادوں کی رجسٹریاں شامل ہیں، جبکہ بڑی مالیت کے سودے تقریباً ناپید ہو چکے ہیں، جس کے باعث قومی خزانے کو روزانہ کروڑوں روپے کی ممکنہ آمدن سے محروم ہونا پڑ رہا ہے ،پراپرٹی ڈیلرز کا کہنا کہ رئیل اسٹیٹ کا شعبہ اپنی بدترین سست روی سے گزر رہا ہے ۔
سریا، سیمنٹ، اینٹ، ریت اور بجری سمیت تعمیراتی سامان کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے نئی تعمیرات کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے جبکہ جائیداد کی خرید و فروخت نہ ہونے کے برابر رہ گئی ہے ۔ ان کے مطابق سرمایہ کار غیر یقینی معاشی صورتحال کے باعث نئی سرمایہ کاری سے گریز کر رہے ہیں دوسری جانب ذرائع کا کہنا کہ متعدد افراد ایف بی آر کے ٹیکسوں اور دیگر اخراجات سے بچنے کیلئے رجسٹری کے بجائے مختار نامہ، ہبہ نامہ اور دیگر متبادل قانونی دستاویزات کے ذریعے لین دین کو ترجیح دے رہے ہیں۔ اس رجحان کے باعث بھی رجسٹریوں کی تعداد میں کمی آ رہی ہے جس سے حکومتی ریونیو متاثر ہو رہا ہے ،ماہرین کا کہنا کہ اگر معاشی استحکام، ٹیکس پالیسی میں توازن اور رئیل اسٹیٹ سیکٹر کیلئے سازگار ماحول فراہم نہ کیا گیا تو جائیداد کی مارکیٹ میں جاری جمود مزید گہرا ہو سکتا ہے ، جس کے اثرات نہ صرف تعمیراتی صنعت بلکہ حکومتی محصولات پر بھی مرتب ہوں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments