میاں حیات کالونی، مجاہد کالونی،نیو ملت پارک میں سیوریج بحران

میاں حیات کالونی، مجاہد کالونی،نیو ملت پارک میں سیوریج بحران

میاں حیات کالونی، مجاہد کالونی،نیو ملت پارک میں سیوریج بحران سیوریج نظام کی تباہ حالی، گٹروں کے ابلتے پانی کے باعث علاقہ مکین شدید پریشان

سرگودھا (سٹاف رپورٹر)میاں حیات کالونی، مجاہد کالونی اور ملحقہ نیو ملت پارک میں بنیادی شہری سہولیات کے فقدان نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے ۔ سیوریج نظام کی تباہ حالی، گٹروں کے ابلتے پانی اور خستہ حال گلیوں کے باعث علاقہ مکین شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ متعدد درخواستوں، شکایات اور اعلیٰ حکام کے دوروں کے باوجود چھ ماہ گزر جانے کے بعد بھی مسائل حل نہ ہو سکے ، جس پر سینکڑوں شہریوں نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ علاقے کی مرکزی سڑک عرصہ دراز سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے جبکہ سیوریج لائنوں کی ناکامی کے باعث گندا پانی گلیوں میں جمع رہنا معمول بن چکا ہے ۔ تعفن زدہ پانی نہ صرف آمدورفت میں رکاوٹ بن رہا ہے بلکہ بچوں، بزرگوں اور دیگر مکینوں کی صحت کے لیے بھی خطرہ بنتا جا رہا ہے ۔اہل علاقہ ندیم، افضل، عمران، شوکت، محمد یار اور دیگر شہریوں نے بتایا کہ سیوریج نظام کی بحالی اور گلیوں کی تعمیر و مرمت کے لیے متعدد بار ضلعی انتظامیہ، متعلقہ اداروں اور سیاسی نمائندوں کو درخواستیں دی گئیں، تاہم عملی اقدامات کے بجائے صرف یقین دہانیاں کرائی جاتی رہیں۔ ان کا الزام تھا کہ متعلقہ محکموں کے بعض اہلکار اعلیٰ افسران کو علاقے کی اصل صورتحال سے آگاہ نہیں ہونے دیتے ۔شہریوں کے مطابق مسلسل عدم توجہی کے باعث عوام میں مایوسی بڑھ رہی ہے اور بعض خاندان بہتر سہولیات کی تلاش میں علاقہ چھوڑنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔ مظاہرین نے صوبائی حکومت، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ مجاہد کالونی اور ملحقہ آبادیوں کے مسائل کا فوری نوٹس لیتے ہوئے سیوریج نظام کی بحالی، گلیوں کی تعمیر و مرمت اور صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...