ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ، کچی آبادیوں میں سہولیات پر زور
ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ، کچی آبادیوں میں سہولیات پر زورسپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، ڈپٹی کمشنر سرگودھا نے مختلف جگہوں کا دورہ
ساہیوال/سرگودھا (نمائندہ دنیا)سپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شاہد زمان ملک نے ڈپٹی کمشنر سرگودھا حسین احمد رضا اور ایم پی اے حلقہ پی پی 79 بیرسٹر تیمور علی خان بلوچ کے ہمراہ تحصیل ساہی وال کا دورہ کیا، جہاں پنجاب حکومت کی جانب سے فراہم کردہ ساڑھے تین ارب روپے کی گرانٹ سے جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔دورے کے دوران سپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، ڈپٹی کمشنر سرگودھا، اسسٹنٹ کمشنر ساہی وال شمس الرحمن خان اور ایم پی اے بیرسٹر تیمور علی خان بلوچ نے مختلف ترقیاتی سکیموں کی پیش رفت، معیارِ تعمیر اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا معائنہ کیا۔ متعلقہ افسران نے جاری منصوبوں اور آئندہ کے لائحہ عمل کے بارے میں بریفنگ بھی دی۔اس موقع پر ایم پی اے بیرسٹر تیمور علی خان بلوچ نے کچی آبادیوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کچی گلیوں اور نالیوں کو پختہ کیا جائے تاکہ بارشوں کے دوران شہریوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو اور نکاسی آب کا مؤثر نظام قائم کیا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کا مقصد شہریوں کو ان کی دہلیز پر بنیادی سہولیات فراہم کرنا اور شہر کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانا ہے ، اس لیے تمام علاقوں میں بلاامتیاز ترقیاتی کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے جائیں۔ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبوں کی رفتار اور معیار کو یقینی بنایا جائے اور عوامی فلاح کے منصوبوں میں شفافیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے ۔ دورے کے دوران اس عزم کا اظہار بھی کیا گیا کہ خطیر گرانٹ سے جاری منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کر کے شہریوں کو بہتر سڑکوں، نکاسی آب اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments