اتوار بازاروں میں بھی مہنگائی برقرار، سرکاری نرخناموں پر عملدر آمد نہیں ہورہا
سستے بازاروں کا بنیادی مقصد متاثر ہو رہا ،مناسب قیمت پر معیاری اشیا کی خریداری میں دشواری ،عوامی توقعات اس وقت پوری ہو سکتی ہیں جب نرخناموں پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے :شہری
سرگودھا (سٹاف رپورٹر )عوام کو سستی اور معیاری اشیائے ضروریہ کی فراہمی کیلئے قائم کیے گئے اتوار بازار بھی مہنگائی اور مبینہ چور بازاری کی شکایات کی زد میں آ گئے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری نرخنامے موجود ہونے کے باوجود متعدد مقامات پر ان پر مؤثر عملدرآمد دکھائی نہیں دیتا، جس کے باعث سستے بازاروں کا بنیادی مقصد متاثر ہو رہا ہے ۔ذرائع کے مطابق ضلع بھر میں قائم اتوار بازاروں میں عوام کو عام مارکیٹ کے مقابلے میں کم نرخوں پر اشیائے ضروریہ فراہم کرنے کا دعویٰ کیا جاتا ہے ، تاہم خریداروں کا کہنا کہ انہیں مطلوبہ معیار کی اشیا مقررہ نرخوں پر دستیاب نہیں ہوتیں۔ ان کے بقول سستے بازاروں میں بھی قیمتوں اور معیار کے حوالے سے مسائل موجود ہیں۔شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ بعض دکاندار سرکاری نرخنامے کے مطابق فروخت کیلئے کم معیار یا ناقص اشیا رکھتے ہیں، جبکہ بہتر معیار کی اشیا نسبتاً زیادہ قیمت پر فروخت کی جاتی ہیں۔صارفین کو مناسب قیمت پر معیاری اشیا کی خریداری میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ خریداروں کا کہنا کہ اتوار بازاروں سے وابستہ عوامی توقعات اس وقت پوری ہو سکتی ہیں جب نرخناموں پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے اور معیار و قیمت دونوں کی مؤثر نگرانی کی جائے ۔ ان کا مؤقف ہے کہ صرف کاغذی کارروائی اور رسمی معائنوں سے مسائل حل نہیں ہوں گے ۔شہریوں نے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا کہ اتوار بازاروں میں اچانک اور مؤثر چیکنگ کا نظام متعارف کرایا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments