بلدیاتی الیکشن :سیاسی جماعتوں میں موضوع بحث بن گیا

بلدیاتی الیکشن :سیاسی جماعتوں میں موضوع بحث بن گیا

بلدیاتی الیکشن :سیاسی جماعتوں میں موضوع بحث بن گیا ووٹر لسٹیں بھی حتمی شکل اختیار نہیں کر سکیں، ووٹرز کے کوائف میں تبدیلیاں ممکن

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) الیکشن شیڈول جاری ہونے سے قبل ہی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے حکومتی ہدایات پر بلدیاتی انتخابات سے متعلق خبریں شہری حلقوں اور سیاسی جماعتوں میں موضوع بحث بن کر رہ گئی ہیں اور ان خبروں کو حکومتی بد حواسی قرار دیا جا رہا ہے ، جبکہ انتخابی عمل سے جڑے ذرائع کے مطابق ووٹر لسٹیں بھی تاحال حتمی شکل اختیار نہیں کر سکیں اور قانون کے تحت الیکشن شیڈول جاری ہونے تک نئے ووٹرز کے اندراج، ووٹ کی منتقلی اور دیگر ضروری انتخابی امور کا عمل جاری رہتا ہے ، ذرائع کے مطابق سرگودھا میں ہر ماہ تقریباً 3 ہزار سے زائد نئے ووٹرز کا اندراج جبکہ 500 سے زائد وفات پا جانے والے افراد کے ووٹ منسوخ کیے جاتے ہیں، اس طرح اگر الیکشن شیڈول کے اعلان میں مزید وقت لگتا ہے تو اس دوران ووٹر لسٹوں میں ہزاروں نئے ووٹرز کا اضافہ اور موجودہ ووٹرز کے کوائف میں تبدیلیاں ممکن ہیں، دوسری جانب سیاسی جماعتوں اور شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ قبل از وقت بلدیاتی انتخابات کی خبر جاری ہونے سے عوام میں یہ تاثر پیدا ہوا کہ انتخابات کی تاریخ اور شیڈول حتمی ہو چکا ہے ، حالانکہ انتخابی شیڈول جاری کرنا الیکشن کمیشن کا آئینی و قانونی اختیار ہے ، سیاسی کارکنوں نے مطالبہ کیا ہے کہ انتخابی معاملات سے متعلق معلومات جاری کرتے وقت واضح کیا جائے کہ کون سی بات حکومتی سطح کی تیاری ہے اور کون سی الیکشن کمیشن کی حتمی منظوری، تاکہ شہریوں، سیاسی جماعتوں اور ووٹرز میں کسی قسم کی غلط فہمی پیدا نہ ہو، ان کا کہنا ہے کہ حتمی انتخابی شیڈول اور تاریخ سامنے آنے کے بعد ہی ووٹر لسٹوں، کاغذات نامزدگی، پولنگ اور دیگر انتخابی مراحل کے بارے میں درست صورتحال واضح ہو سکے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...