میٹرک (دہم) کے داخلہ فارم جمع کروانے کا شیڈول جاری
میٹرک (دہم) کے داخلہ فارم جمع کروانے کا شیڈول جاریامتحانات 16 مارچ سے شروع ،داخلہ فارم آن لائن وصول کیے جائیں گے
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سرگودھا نے میٹرک (دہم) کے پہلے سالانہ امتحان 2027ء کے لیے داخلہ فارم جمع کروانے کا شیڈول جاری کر دیا ہے ۔ جاری شیڈول کے مطابق امتحانات 16 مارچ 2027ء سے شروع ہوں گے جبکہ امیدواروں کے داخلہ فارم آن لائن وصول کیے جائیں گے ۔ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق سنگل فیس کے ساتھ داخلہ فارم جمع کروانے کی آخری تاریخ 11 دسمبر 2026ء، دو گنا فیس کے ساتھ 28 دسمبر 2026ء جبکہ تین گنا فیس کے ساتھ 11 جنوری 2027ء مقرر کی گئی ہے ۔ بورڈ نے میٹرک کے سیکنڈری سکول سرٹیفکیٹ امتحان کے لیے فیسوں کی تفصیلات بھی جاری کر دی ہیں، جس کے مطابق آرٹس گروپ کے ریگولر امیدواروں کے لیے پارٹ اول اور پارٹ دوم کی فیس 2680 روپے فی حصہ جبکہ پرائیویٹ امیدواروں کے لیے 2730 روپے فی حصہ مقرر کی گئی ہے ۔ دونوں حصوں کے کمبائنڈ امتحان کی فیس ریگولر امیدواروں کے لیے 3530 روپے اور پرائیویٹ امیدواروں کے لیے 3630 روپے ہوگی۔
اسی طرح سائنس گروپ کے ریگولر امیدواروں کے لیے پارٹ اول اور پارٹ دوم کی فیس 2730 روپے فی حصہ جبکہ پرائیویٹ امیدواروں کے لیے 2780 روپے فی حصہ مقرر کی گئی ہے ، جبکہ دونوں حصوں کے کمبائنڈ امتحان کی فیس ریگولر امیدواروں کے لیے 3630 روپے اور پرائیویٹ امیدواروں کے لیے 3730 روپے ہوگی۔ بورڈ کے مطابق داخلہ فارم جمع کروانے کے لیے امیدواروں کو آن لائن سہولت فراہم کی گئی ہے اور فیس کی ادائیگی QR کوڈ کے ذریعے مختلف موبائل بینکنگ اور ڈیجیٹل پیمنٹ ایپلی کیشنز، بشمول جاز کیش، ایزی پیسہ، یو بی ایل ڈیجیٹل اور دیگر بینکنگ ایپس کے ذریعے بھی کی جا سکتی ہے ۔ امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ داخلہ فارم مکمل کرنے کے بعد پروف ریڈنگ کے ذریعے تمام کوائف کی درستگی یقینی بنائیں، فیس کی کامیاب ادائیگی کے بعد فائنل ایڈمیشن فارم کا پرنٹ حاصل کرکے اپنے پاس محفوظ رکھیں اور مقررہ تاریخوں کی پابندی کریں۔ بورڈ نے واضح کیا ہے کہ داخلہ فارم میں غلطیوں کی درستگی اور امیدواروں کے کوائف کی تصدیق متعلقہ تعلیمی اداروں اور امیدواروں کی ذمہ داری ہوگی۔ مزید معلومات، داخلہ فارم اور امتحانی شیڈول کے لیے بورڈ کی سرکاری ویب سائٹ www۔bisesargodha۔edu۔pk سے رجوع کیا جا سکتا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments