اوور ہیڈ برج یا انڈر پاس کا منصوبہ دو سال بعد بھی نامکمل
ریلوے پھاٹک بند ہوتے ہی گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ جاتی ہیں
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) سرگودھا کے مصروف ترین گلوالہ چوک اور ریلوے پھاٹک پر ٹریفک کا دباؤ خطرناک حد تک بڑھنے کے باوجود اوور ہیڈ برج یا انڈر پاس کی تعمیر کا منصوبہ دو سال گزرنے کے باوجود کاغذی کارروائیوں سے آگے نہ بڑھ سکا۔ راولپنڈی، گجرات اور بھلوال سمیت مختلف علاقوں سے آنے والی ٹریفک کے علاوہ جوہر کالونی، دین کالونی، گلوالہ اور گردونواح کی تیزی سے پھیلتی آبادیوں نے اس گزرگاہ کو شہر کے مصروف ترین ٹریفک پوائنٹس میں تبدیل کر دیا ہے ۔ ریلوے پھاٹک بند ہوتے ہی گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ جاتی ہیں، جبکہ پھاٹک کھلنے کے بعد بھی ٹریفک کی روانی بحال ہونے میں خاصا وقت لگتا ہے ۔ روزانہ اس راستے سے گزرنے والے شہریوں، ملازمین، طلبہ اور مسافروں کو شدید ذہنی کوفت اور تاخیر کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، جبکہ ایمبولینس سمیت ہنگامی گاڑیوں کی بروقت آمدورفت بھی متاثر ہونے کا خدشہ رہتا ہے ۔ حیران کن امر یہ ہے کہ بڑھتے ہوئے ٹریفک مسائل کے مستقل حل کے لیے ریلوے پھاٹک پر اوور ہیڈ برج یا انڈر پاس کی تعمیر کی تجویز دو سال سے زیر غور ہے ، مگر متعلقہ ادارے تاحال ابتدائی مراحل سے آگے بڑھنے میں کامیاب نہیں ہو سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments