107 شمالی میں نیزہ بازی کے شاندار اور سنسنی خیز مقابلوں کا انعقاد
مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے 1500 سے زائد نامور نیزہ بازوں کی شرکت
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) سرگودھا کے گاؤں 107 شمالی میں نیزہ بازی کے شاندار اور سنسنی خیز مقابلوں کا انعقاد، پنجاب کی قدیم ثقافت اور بہادری کی علامت اس روایتی کھیل کے میدان میں جھنگ، چنیوٹ، فیصل آباد، منڈی بہاؤالدین، خوشاب سمیت مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے 1500 سے زائد نامور نیزہ بازوں نے شرکت کی اور انفرادی و اجتماعی مقابلوں میں اپنی مہارت کے جوہر دکھائے ۔ گھوڑوں کی ٹاپوں سے گونجتا میدان، شہسواروں کی برق رفتار مہارت اور نیزے کی نوک سے زمین میں گڑے اہداف کو نشانہ بنانے کے دلکش مناظر نے شائقین کو خوب محظوظ کیا، جبکہ ہر کامیاب وار پر تماشائیوں نے بھرپور داد دی۔ مقابلوں میں بازیگر، طوفان، برق، فولاد، شیرا، بلبل، شہزادہ، بازی، نایاب، آفتاب اکبر، عزم اور بادشاہ شاہین سمیت نامور گھوڑوں نے اپنے شہسواروں کے ساتھ میدان میں صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ اختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے نیزہ بازوں میں انعامات تقسیم کیے گئے ، جبکہ شرکاء نے روایتی کھیل کے فروغ اور اس ثقافتی ورثے کو آئندہ نسلوں تک منتقل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments