رمضان پیکیج ، ٹیکس وصولی و ادائیگی کا تنازع حل نہ ہو سکا
معاملہ محکمہ خزانہ پنجاب کے پاس پہنچ گیا،ایک کروڑ 17 لاکھ کا تنازع
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) رمضان ریلیف پیکیج 2024 کے تحت غذائی بیگز فراہم کرنے کے دوران ایک کروڑ 17 لاکھ 27 ہزار روپے سیلز ٹیکس کی وصولی و ادائیگی کا تنازع حل نہ ہونے پر معاملہ محکمہ خزانہ پنجاب کے پاس پہنچ گیا ، ذرائع کے مطابق حکومتی ہدایت پر رمضان ریلیف پیکیج 2024 کے تحت غذائی ہیمپر بیگز فراہم کیے تھے ، تاہم ان فراہمیوں کی ادائیگی سے سیلز ٹیکس کی مد میں رقم روکنے پر تنازع پیدا ہوا۔ دستاویزات میں بتایا گیا کہ ڈپٹی کمشنر نے نومبر 2024 میں محکمہ خزانہ سے درخواست کی تھی کہ متعلقہ لاگت مرکز کے لیے ضمنی گرانٹ کے ذریعے 11 کروڑ نہیں بلکہ 1 کروڑ 17 لاکھ 27 ہزار روپے کے فنڈز فراہم کیے جائیں تاکہ بقایا واجبات کی ادائیگی ممکن ہو سکے ۔ خط میں وفاقی ٹیکس محتسب (ایف ٹی او) کے 12 جون 2024 اور 16 ستمبر 2024 کے احکامات کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ سیلز ٹیکس خصوصی طریقہ کار (ودہولڈنگ) قواعد 2007 کے تحت قابلِ وصول سیلز ٹیکس کا پانچواں حصہ روکنے کی ہدایت کی گئی تھی،ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ خزانہ پنجاب نے معاملہ کو حل کر کے 30 نومبر تک جواب طلب کیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments