ترقیاتی منصوبوں کے نام پر سرکاری وسائل کا مبینہ ضیاع
سڑک پر نصب ٹف ٹائلز اکھاڑ کر دوبارہ نئی سڑک کی تعمیر شروع
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) سرگودھا میں ترقیاتی منصوبوں کے نام پر سرکاری وسائل کے مبینہ ضیاع کا ایک اور معاملہ سامنے آ گیا، جہاں چند سال قبل تعمیر ہونے والی سٹیڈیم روڈ کی آدھی سے زائد سڑک پر نصب ٹف ٹائلز اکھاڑ کر دوبارہ نئی سڑک کی تعمیر شروع کر دی گئی۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ سڑک کا بڑا حصہ پہلے ہی قابل استعمال تھا، جبکہ صرف باقی ماندہ خراب حصے کی تعمیر و مرمت کی ضرورت تھی، مگر مبینہ طور پر کمیشن کے حصول اور مالی مفادات کے لیے پوری تعمیر کا نیا منصوبہ شروع کر دیا گیا۔ اس اقدام سے چند سال قبل ٹف ٹائلز پر خرچ ہونے والے لاکھوں روپے ضائع ہونے کا خدشہ ہے ، جبکہ پہلے سے موجود تعمیراتی ڈھانچے کو اکھاڑنے کی ضرورت اور اس فیصلے کی وجوہات بھی وضاحت طلب ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر سڑک کا کچھ حصہ خراب تھا تو صرف اسی حصے کی مرمت کرکے سرکاری خزانے پر اضافی بوجھ ڈالنے سے بچا جا سکتا تھا۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سٹیڈیم روڈ کی سابقہ تعمیر پر اٹھنے والے اخراجات، نئی تعمیر کی منظوری، تخمینہ لاگت اور ٹف ٹائلز اکھاڑنے کے فیصلے کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور اگر سرکاری وسائل کے ضیاع یا بے ضابطگی ثابت ہو تو ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments