مہنگائی نے غریب کی کمرتوڑ دی ،اشیا ئے ضروریہ کی قیمتوں میں 401روپے تک اضافہ

مہنگائی  نے  غریب  کی  کمرتوڑ  دی ،اشیا ئے  ضروریہ  کی  قیمتوں  میں 401روپے  تک  اضافہ

چینی، سبزیوں اور گوشت کی قیمتوں میں اضافے نے گھریلو بجٹ چلانا مزید مشکل بنا دیا ،قیمتیں بڑھانے والے بااثر عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی سامنے نہیں آ سکی

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) سرگودھا ڈویژن میں مہنگائی کے بڑھتے ہوئے دباؤ نے غریب اور متوسط طبقے کی کمر توڑ کر رکھ دی، جبکہ ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے قیمتوں میں استحکام اور ناجائز منافع خوری کی روک تھام کے لیے ہونے والے اجلاس اور بلند بانگ دعوے عملی نتائج دینے میں ناکام دکھائی دے رہے ہیں۔ گھی، دالوں کی قیمتوں میں حالیہ دنوں کے دوران 30 سے 40 روپے فی کلو تک اضافہ ہو چکا ہے ، جبکہ چینی، سبزیوں اور گوشت کی قیمتوں میں اضافے نے عام آدمی کے لیے گھریلو بجٹ چلانا مزید مشکل بنا دیا ہے ۔ دوسری جانب گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں من مانے اضافے کا بوجھ بھی بالآخر صارفین کو برداشت کرنا پڑ رہا ہے ۔ ذرائع کے مطابق سٹہ مافیا، ذخیرہ اندوزوں اور منافع خور عناصر کو قابو کرنے کے لیے مؤثر حکمت عملی کا فقدان ہے ، جبکہ چیک اینڈ بیلنس نہ ہونے کے باعث بعض کاروباری حلقے اشیائے ضروریہ کی مصنوعی قلت کا جواز بنا کر من پسند قیمتیں وصول کر رہے ہیں۔ باعث تشویش امر یہ ہے کہ پرائس کنٹرول اجلاسوں میں کیے جانے والے فیصلوں پر عملدرآمد زیادہ تر کاغذی کارروائی تک محدود ہے اور چند متحرک پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے سوا متعدد متعلقہ افسران کی عملی کارکردگی نظر نہیں آ رہی۔ ذرائع کے مطابق حالیہ کارروائیوں میں بھی زیادہ تر چھوٹے دکانداروں کو نشانہ بنایا گیا، حکام کی جانب سے سب اچھا کی رپورٹس مرتب کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...