جعلی ہاؤسنگ سکیموں کیخلاف مقدمات کا فیصلہ
منظوری سے قبل ہی پلاٹوں کی فروخت شروع کر رکھی ہے ،سکروٹنی کے دوران پلاٹوں کی فروخت اور تشہیر پر پابندی عائد ہو چکی ،عمل نہیں ہو رہا عوام کو دھوکہ دہی کے ذریعے لوٹ مار کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں ،مالکان نے غیر قانونی اقدامات جاری رکھے تو دفاتر کو بلڈوز کردیا جائے گا،انتظامیہ
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ضلع میں غیر منظور شدہ ہاؤسنگ سوسائٹیوں،ٹاؤنز اور کالونیز مالکان کے خلاف منظوری لیے بغیر پلاٹوں کی غیر قانونی فروخت، ترقیاتی کام جاری رکھنے سمیت تشہیر کرنے پر ان کے خلاف مقدمات کے اندراج کا فیصلہ کیا گیا ہے ، ذرائع کے مطابق غیر قانونی ہاؤسنگ کالونیوں کے مالکان نے قوانین کو بالائے طارق رکھتے ہوئے ای لیٹر(ڈی پی ڈی سی کی فائنل منظوری) سے قبل ہی پلاٹوں کی فروخت اور تشہیر پابندی کے باوجود شروع کر رکھی تھی ، اس حوالے سے نیب اور ایف آئی اے حکام بھی سکروٹنی کے دوران پلاٹوں کی فروخت اور تشہیر پر پابندی عائد کر چکے ، اس کے باوجود عوام کو دھوکہ دہی کے ذریعے لوٹ مار کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں ،اس ضمن میں بعض غیر منظور شدہ ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے تشہیری بورڈ اکھاڑ کر جاری ترقیاتی کام بندکروا ئے گئے ،جبکہ قانونی کاروائی کیلئے بھی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا۔ غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں میں تحصیل سرگودھا کی 22،سلانوالی اور بھلوال کی 5,5جبکہ بھیرہ، ساہی وال اور شاہ پور کی 1,1غیر قانونی ہاؤسنگ سکیم شامل ہے ،انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مقدمات کے باوجود ان غیر منظور شدہ ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے مالکان نے غیر قانونی اقدامات جاری رکھے تو ان کے دفاتر کو بلڈوز بھی کردیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments