مچھلی منڈی میں غلاظت، شہریوں کا سانس لینا مشکل
مچھلی منڈی میں غلاظت، شہریوں کا سانس لینا مشکل آدھی سڑک پر مچھلی رکھنے کے باعث بدترین ٹریفک جام معمول بن چکا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) زیریں پل اسلام پورہ کی مچھلی منڈی میں غلاظت، تعفن اور تجاوزات نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی، صبح و شام کے اوقات میں وہاں سے گزرنا تو درکنار سانس لینا بھی دشوار ہو جاتا ہے ، جبکہ دکانداروں کی جانب سے آدھی سڑک پر مچھلی اور برف رکھنے کے باعث بدترین ٹریفک جام معمول بن چکا ہے ۔دوسری جانب سڑک پر قبضہ کرکے کاروبار کرنے والے بعض دکانداروں کو تجاوزات ختم کرنے اور راستہ کھلا رکھنے کا کہا جائے تو مبینہ طور پر بدتمیزی اور قانون کی پروا نہ کرنے کا مظاہرہ کیا جاتا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ دکاندار سڑک کو اپنی ذاتی ملکیت سمجھ کر استعمال کر رہے ہیں، جس سے عام شہریوں اور ٹریفک کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ ستم ظریفی یہ ہے کہ اسی سڑک کی نئی تعمیر بھی جاری ہے ، تاہم نکاسی آب کا مناسب انتظام نہ ہونے کے خدشات کے باعث تعمیراتی منصوبے کی پائیداری پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔ خدشہ ہے کہ گندے پانی کی مسلسل موجودگی سے نئی سڑک بھی جلد ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو جائے گی۔ مزید تشویشناک امر یہ ہے کہ غلاظت اور تعفن کے ماحول میں مچھلی کی خرید و فروخت حفظان صحت کے اصولوں کے منافی ہے ، مگر پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے مستقل نگرانی اور مؤثر کارروائی دکھائی نہیں دیتی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments