ٹرانسفارمر پھٹنے سے ہلاکتیں، ایکسین،ایس ڈی او پر مقدمہ

ٹرانسفارمر پھٹنے سے ہلاکتیں، ایکسین،ایس ڈی او پر مقدمہ

گوجرانوالہ (کرائم رپورٹر)گوجرانوالہ میں چند روز قبل ٹرانسفارمر پھٹنے کے باعث آگ کے شعلوں کی زد میں آ کر جاں بحق ہونے والی ماں بیٹی کا مقدمہ ایکسین شیخ محسن اور ایس ڈی او قمر رسول سمیت چار گیپکو ملازمین کے خلاف قتل بالاسبب کی دفعات کے تحت درج کر لیا گیا ہے ۔۔

گوجرانوالہ میں گیپکو حکام کی غفلت اور عدم دلچسپی کی وجہ سے بے ہنگھم تاروں اور بوسیدہ ٹرانسفارمرز کی وجہ سے آتشزدگی کے واقعات میں بھی اضافہ ہو گیا ہے ۔ گیپکو کی نااہلی اور غفلت کے باعث گزشتہ ہفتہ کے روز رتہ روڈ گلی میں لگا ٹرانسفارمر آگ لگنے کے بعد زمین پر آ گرا اور نیچے کھڑی رافعہ اس کی بیٹی ہانیہ اور تین سالہ آیت آگ کی زد میں آ کر بری طرح جھلس گئیں جن میں سے رافعہ اور ہانیہ زخموں کہ تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں دم توڑ گئیں،جس کا مقدمہ ایکسین شیخ محسن ، ایس ڈی او قمر رسول ،لائن سپرنٹنڈنٹ آصف نقوی اور لائن مین مطیع کے خلاف درج کر لیا گیا ہے ۔علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ حادثہ کا سبب بننے والے ٹرانسفارمر کی بوسیدہ حالت کے بارے متعدد بار گیپکو حکام کو آگاہ کیا گیا تھا جس کے باوجود کسی کے کان پر جوں تک نہ رینگی اور یہ حادثہ پیش آ گیا اور ماں بیٹی کی ہلاکت کے ذمہ دار ایف آئی آر میں نامزد ملزم ہیں جنہیں سخت سزا دی جانی چاہیے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں