ستوکتلہ :دن دہاڑے تاجر کا اغوا، تاوان کیلئے کالز منظر عام پر

ستوکتلہ :دن دہاڑے تاجر کا اغوا، تاوان کیلئے کالز منظر عام پر

رضوان کو 19فروری کو ایلیٹ پولیس کی وردی پہنے ملزموں نے اغوا کیا مبینہ اغوا کار خود کو سینئر افسر ظاہر کر رہا ،پولیس 5روزبعدبھی سراغ نہ لگاسکی

لاہور (کرائم رپورٹر)ستوکتلہ کے علاقے سے دن دہاڑے تاجر رضوان عمر کے اغوا کے کیس میں اغوا کاروں نے تاجر کے اہلخانہ سے تاوان کا مطالبہ کر دیا۔سامنے آنے والی فون کالز کی ریکارڈنگ میں ظاہر ہوا کہ رضوان نے اپنے بھائی کو 15 لاکھ روپے کا بندوبست  کرنے کو کہا اور بتایا کہ پیسے کے انتظام کے بعد آگاہ کریں گے کہ رقم کس کو اور کہاں دی جائے ۔ ابتدا میں پیسے دینے کے لیے رات 9 بجے کا وقت دیا گیا، بعد ازاں اسے رات 12 بجے پر موخر کر دیا گیا۔مغوی رضوان نے اپنے بھائی سے پیسوں کے لیے دوست کی مدد لینے کی بھی ہدایت دی۔

رضوان کو 19 فروری کو پنجاب سوسائٹی سے ایلیٹ پولیس کی یونیفارم پہننے ہوئے ملزموں نے گھر کے باہر سے اغوا کیا۔ستوکتلہ پولیس نے رضوان کے بھائی جاوید کی مدعیت میں مقدمہ درج کر رکھا ہے ۔ مبینہ اغوا کار خود کو سینئر افسر ظاہر کر رہا ہے ۔ لاہور پولیس اغوا کے پانچ روز بعد بھی مغوی کا سراغ نہیں لگا سکی۔ مقدمہ میں مدعی کا مطالبہ ہے کہ رضوان کو جلد بازیاب کروایا جائے ، اس نے وزیر اعلیٰ سے نوٹس لینے کی اپیل بھی کی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں