ناقص صفائی ، شورکوٹ کے ہیلتھ مراکز کے ٹھیکیداروں کو جرمانے
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے تحصیل شورکوٹ کے صحت مراکز میں صفائی کی ناقص صورتحال پر سخت کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ ٹھیکیداروں کو مجموعی طور پر دو لاکھ روپے کے جرمانے عائد کر دئیے ۔
دورہ کے دوران غیر معیاری صفائی اور گندی بیڈشیٹس پر تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال شورکوٹ اور مریم نواز ہیلتھ کلینک گڑھ مہاراجہ میں ٹھیکیداروں کو ایک، ایک لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا اور فوری طور پر مکمل واشنگ کر کے تصویری ثبوت فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے تحت کمشنر کا "ایک دن، ایک تحصیل" پروگرام کے تحت فیلڈ دوروں کا سلسلہ جاری ہے ۔ اس موقع پر انہوں نے گڑھ مہاراجہ ہیلتھ کلینک میں مریضوں سے ملاقات کی اور ادویات کی فراہمی کی تصدیق کی، جبکہ ایکسرے سمیت دیگر مشینری کی فعالیت بھی چیک کی۔کمشنر نے کہا کہ بنیادی سطح پر علاج کی فراہمی میں ہیلتھ کلینکس کا اہم کردار ہے ، اس لیے آنے والے مریضوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔بعدازاں تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال شورکوٹ کے دورہ کے دوران مختلف وارڈز میں مریضوں کی عیادت کی گئی۔ صفائی کے ناقص انتظامات پر کنٹریکٹر کو جرمانہ کیا گیا جبکہ ہسپتال میں موجود مشینری کی ورکنگ حالت اور ادویات کی دستیابی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔انہوں نے میڈیسن سٹور کا ریکارڈ بھی چیک کیا اور صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو ہدایات جاری کیں، جبکہ ہسپتال کے داخلی راستے کی بہتری کے لیے اسسٹنٹ کمشنر کو ٹاسک سونپ دیا۔