ٹانک:سی ٹی ڈی کی کارروائی ،2انتہائی مطلوب دہشتگرد ہلاک

ٹانک:سی ٹی ڈی کی کارروائی ،2انتہائی مطلوب دہشتگرد ہلاک

ٹی ٹی پی مشتاق گروپ کے امداداورتوقیر مار ے گئے ،دو کلاشنکوفیں ودیگراسلحہ برآمد دونوں مختلف مقامات پر پولیس اہلکاروں کی شہادت اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے

ٹانک(آئی این پی )خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں محکمہ انسداددہشتگردی (سی ٹی ڈی)نے خفیہ اطلاعات پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے انتہائی مطلوب دو دہشتگردوں  کو ہلاک کردیا۔سی ٹی ڈی کے مطابق سی ٹی ڈی ڈیرہ ریجن نے معتبر انٹیلی جنس معلومات پر تھانہ گومل کی حدود شیخ اوتار میں اہم کارروائی کی جس کا مقصد علاقے میں انتہائی مطلوب دہشت گردوں کا فوری خاتمہ اورعوام کے تحفظ کو یقینی بنانا تھا۔ آپریشن کے دوران دہشتگردوں نے سی ٹی ڈی ٹیم پر فائرنگ کی اور فائرنگ کا تبادلہ 40 منٹ تک جاری رہا ، فائرنگ تھم جانے پر سرچ آپریشن میں ٹی ٹی پی مشتاق گروپ کے دوانتہائی مطلوب دہشتگرد امداد اللہ اورتوقیر ہلاک پائے گئے ، ہلاک دہشتگردوں سے دو کلاشنکوفیں، 6 میگزین، کارتوس اور2 بینڈولیئرز برآمد ہوئے ۔سی ٹی ڈی نے بتایا کہ ہلاک دہشتگرد امداد اللہ اور توقیر،گرہ اسلم آئی ای ڈی حملے جس میں 5 پولیس اہلکار شہید ہوئے تھے ، سمیت گورنمنٹ گرلز مڈل سکول روڑی میں پولیس اہلکاروں کو یرغمال بنانے اور کنوڑی پتن میں پولیس وین کو حملے میں اڑانے میں ملوث تھے جہاں دو پولیس اہلکار شہید ہوئے تھے ۔

ہلاک دہشتگرد اسکے علاوہ ڈیرہ ٹانک روڈ پر پولیس موبائل اور ٹانک روڈ پر ججز کانوائے پر حملوں سمیت ہیڈ کانسٹیبل عزیز کی ٹارگٹ کلنگ اور کانسٹیبل ریحان کے اغوا اورشہادت میں بھی ملوث تھے ۔آئی جی خیبرپختونخوا اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے کامیاب کارروائی پر سپیشل ویپنز اینڈ سٹرائیک ٹیموں کو شاباش دی اور کہا کہ ہمارے جوان عوام کے تحفظ کیلئے ہر وقت چوکس ہیں اور ایسے آپریشنز کے ذریعے دہشتگردوں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں