میلسی:ماں تین کمسن بیٹوں سمیت قتل ،گھر سے لاشیں برآمد
میلسی ،وہاڑی،( نامہ نگار ،نمائندہ دنیا،خبر نگار، نمائندہ خصوصی)شوہر نے مبینہ طور پراپنی بیوی اور تین کمسن بچوں کو قتل کر دیا ،گھر سے لاشیں برآمد،پولیس نے مرکزی ملزم محمد سجاد کو حراست میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق نواحی علاقے موضع فتح پور کی بستی بھنجر میں سعودی عرب سے واپس آنے والے محمد سجاد نے مبینہ طور پر گھریلو ناچاقی کے باعث گھر کے ایک کمرے میں 30 سالہ اہلیہ ثریا بی بی کو مبینہ طور پر پھندا لگا کر جبکہ اپنے تین بچوں 8 سالہ محمد حسن،7 سالہ محمد دلشاد اور 3 سالہ اسد کو کلہاڑی کے وار کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا ۔ اطلاع ملتے ہی ڈی پی او وہاڑی تصور اقبال پولیس کی بھاری نفری اور فرانزک ٹیموں کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اورشواہد اکٹھے کیے جبکہ لاشوں کو ضروری کارروائی کے بعد پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا۔ڈی پی او وہاڑی تصور اقبال نے میڈیا کوبتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ گھریلو تنازع معلوم ہوتا ہے ،تاہم تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے تفتیش جاری ہے۔
ملزم محمد سجاد کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور فرانزک رپورٹس سمیت دیگر شواہد کی روشنی میں مزید کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے ۔دوسری طرف مقتولہ کے والد محمد سرور نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کا داماد محمد سجاد جو ان کا بھتیجا بھی ہے ،اکثر ان کی بیٹی ثریا بی بی پر تشدد کرتا تھا اور دونوں کے درمیان جھگڑا رہتا تھا،کچھ عرصہ قبل بھی تشدد کے باعث وہ اپنی بیٹی کو اپنے گھر لے آئے تھے ،تاہم ملزم آئندہ ایسا نہ کرنے کی یقین دہانی کرا کر ثریا بی بی کو دوبارہ اپنے ساتھ لے گیا تھا ۔واقعے کے بعد علاقہ بھر کی فضا سوگوار ہے۔