مبینہ پولیس مقابلے :بیٹی سے زیادتی کا ملزم ہلاک، 5 زخمی گرفتار
لدھیوالہ وڑائچ کے اظہر پر گن پوائنٹ پر 13 سالہ بیٹی سے زیادتی کرنے کا الزام تھا
گوجرانوالہ، سیالکوٹ، کامونکے (کرائم رپورٹر، نمائندگان دنیا)مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران ایک ملزم ہلاک جبکہ پانچ کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ محلہ افضل ٹاؤن میں مبینہ طور پر اپنی ہی بیٹی سے زیادتی کے مقدمے میں مطلوب ملزم پولیس مقابلے میں مارا گیا۔تفصیلات کے مطابق لدھیوالہ وڑائچ کے رہائشی اظہر پر الزام تھا کہ اس نے اپنی 15 سالہ بیٹی کے ساتھ گن پوائنٹ پر تین ماہ تک مبینہ زیادتی کی اور کسی کو بتانے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتا رہا۔ متاثرہ لڑکی کے انکشاف کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کیا۔گزشتہ رات پولیس نے مغل چک روڈ پر ناکہ بندی کی تو دو مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا گیا، جس پر ملزمان نے مبینہ طور پر پولیس پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک موٹر سائیکل سوار اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا، جس کی شناخت اظہر کے نام سے ہوئی۔پولیس کے مطابق زخمی ملزم کو اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں دم توڑ گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہو گیا۔دوسری جانب مختلف علاقوں میں پولیس کارروائیوں کے دوران پانچ ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ ماڈل ٹاؤن، کامونکے ، احمد نگر اور ڈسکہ میں ہونے والی کارروائیوں میں راہزنی، موٹر سائیکل چوری اور اقدام قتل میں مطلوب ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔پولیس کے مطابق تمام گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ فرار ملزمان کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔