سرگودھا:بچی سے زیادتی کی کوشش،قتل کا ملزم مبینہ مقابلے میں ہلاک
پولیس ملزم ارسلان کو برآمدگی کیلئے لیجا رہی تھی،ساتھیوں کی فائرنگ سے ماراگیا ملزم کی تدفین میں مشکلات،آخرکار 58شمالی میں دفن ، 7افراد نے نماز جنازہ پڑھی
سرگودھا(سٹاف رپورٹر )سات سالہ بچی منتہا کے ساتھ زیادتی کی کوشش اور قتل کے مقدمہ کا مرکزی ملزم مبینہ پولیس مقابلہ میں مارا گیا، قبرستانوں کے منتظمین نے تدفین کی اجازت دینے سے انکار کر دیا،ملزم کو بمشکل 58 شمالی قبرستان میں دفن کیا گیا، ذرائع کے مطابق شہر کے علاقہ بلاک 8 کی سات سالہ طالبہ منتہا کو کارخانہ د کان کی بالائی منزل پر تیز دھار آلہ سے گلا کاٹ کر قتل کر دیا گیا اس حوالے سے درج مقدمہ میں ملوث ملزموں کو عدالت سے جسمانی ریمانڈ پر تفتیش کے لئے سی ٹی ڈی پولیس کے حوالے کردیا تھاجو اپنی تفتیش میں مقدمہ کے مرکزی ملزم ارسلان کو آلہ قتل کی برآمدگی کے لیے لے جا رہی تھی کہ لڈے والا تین پلی پر مسلح افراد نے پولیس ٹیم پر اندھا دھند فائرنگ کر دی اور جھاڑیوں میں چھپ گئے جوابی فائرنگ کے دوران مرکزی ملزم ارسلان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے شدید زخمی ہو کر دم توڑ گیا اور سی سی ڈی پولیس کانسٹیبل محمد عامر معمولی زخمی ہو گیا ۔
دوسری طرف ملزم ارسلان کی پولیس مقابلہ میں ہلاکت کے بعد اس کی تدفین ایک مسئلہ بن گئی ، شہریوں کا شدید ردعمل سامنے آیا اور قبرستانوں کے منتظمین نے تدفین کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔ملزم کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد مختلف علاقوں میں تدفین کے لئے لے جائی گئی لیکن کسی بھی قبرستان کے منتظمین نے دفن کرنے کی اجازت نہیں دی۔ شہریوں نے اس کے جنازے اور تدفین میں شرکت سے گریز کیا، تاہم بعد میں ملزم کو بمشکل58 شمالی قبرستان میں دفن کیا گیا اور 7 افراد نے اس کی نماز جنازہ پڑھی۔