لاہور:میٹرک کا طالبعلم عدالت پیشی کیلئے جاتے ہوئے قتل
سعد والد اقبال ندیم کیساتھ موٹر سائیکل پر جارہا تھا،مخالفین نے فائرنگ کر دی 2ملزم گرفتار ،مقدمہ درج ،بیٹا کیس میں بری ہوا، اسے ناحق قتل کیا گیا :والد
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور کے علاقے ہربنس پورہ میں عدالت پیشی کیلئے جانے والے میٹرک کے طالبعلم کو مخالفین نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔تفصیلات کے مطابق سعد اپنے والد اقبال ندیم کے ہمراہ موٹر سائیکل پر عدالت پیشی کیلئے جا رہا تھا کہ راستے میں موٹر سائیکل سوار ملزموں نے اس پر فائرنگ کر دی اور فرار ہو گئے ، سعد کو 4گولیاں لگیں، تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم جانبر نہ ہو سکا۔مقتول کے والد اقبال ندیم نے بتایا کہ میرے بیٹے پر جو مقدمہ درج ہوا تھا اس میں عدالت نے اسکو بری کر دیا تھا، بیٹے کو ناحق قتل کیا گیا ہے ۔اقبال ندیم نے مزید کہا کہ میں ایک سینئر صحافی ہوں ، آئی جی عبدالکریم اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے اپیل ہے کہ مجھے انصاف فراہم کیا جائے ،پولیس کے مطابق مقتول طالبعلم سعد قتل کیس میں نامزد ملزم تھا اور ایک ماہ قبل ہی رہا ہوا تھا۔2ملزموں عبید علی اور نیاز کو گرفتار کر کے تھانہ ہربنس پورہ میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔ابتدائی تفتیش کے مطابق واقعہ سابقہ دشمنی کا شاخسانہ ہے ۔ لاہورپریس کلب کے صدر ارشد انصاری، سینئر نائب صدر سلمان قریشی و دیگر عہدیداروں نے سینئر صحافی اقبال ندیم کے جواں سالہ بیٹے کے ہربنس پورہ میں صحافی کالونی کے باہر قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحافی برادری انکے دکھ میں برابر کی شریک ہے ،انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملزموں کو گرفتار کرکے قرارواقعی سزا دی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments