بارشیں جاری ، کرنٹ لگنے ،چھت گرنے سے 2افراد جاں بحق

 بارشیں جاری ، کرنٹ لگنے ،چھت گرنے سے 2افراد جاں بحق

لاہور میں 45سالہ خطیب کو کرنٹ لگا، قصور میں چھت گری، مافیا حنیف دم توڑ گئی اپر چترال میں سڑکیں، پل اور مکانات متاثرہو گئے ، دریائے سندھ میں بدستور سیلاب

لاہور،قصور،پشاور(کرائم رپورٹر،نیوز ایجنسیاں، نمائندہ دنیا)لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے د وران بھی بارش ہوئی ،اس دوران لاہور میں کرنٹ لگنے سے 45 سالہ شخص ، قصور میں چھت گرنے سے خاتون جاں بحق ہو گئی۔دوسری طرف پی ڈی ایم اے پنجاب نے مون سون فلڈ کی صورتحال بارے فیکٹ شیٹ جاری کردی ،دریائے سندھ میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال برقرارہے ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مون سون بارشیں ریکارڈ کی گئیں، سب سے زیادہ بارش لاہور میں (ائیرپورٹ اور اطراف)114 ملی میٹرریکارڈ کی گئی جبکہ سیالکوٹ 59، قصور 40،حافظ آباد 16 ، فیصل آباد 13 ، کوٹ ادو 12، چکوال 11، گوجرانولہ 11، مری 10، شیخو پورہ 6 اور ملتان میں 5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ دریں اثنائبارش کے د وران صوبائی دارلحکومت کے علاقہ سمن آباد میں حسن مارکیٹ کے قریب 45 سالہ شخص خطیب ولد خالد کرنے لگنے سے جاں بحق ہو گیا، پولیس نے لاش مردہ خانے منتقل کر کے قانونی کاروائی کا آغاز کر دیا ۔

ادھر قصور کے نواحی گاؤں کھارا میں بارش کے باعث مکان کی بوسیدہ چھت گرنے سے 38 سالہ خاتون مافیا حنیف دم توڑ گئی جبکہ اس کا شوہر 40 سالہ حنیف اورکمسن بچے 7 سالہ ابوبکر اور 4 سالہ فاطمہ زخمی ہو گئے ، ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا۔مزید برآں خیبر پختونخوا کے ضلع اپر چترال کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں سے سڑکیں، پل، مکانات اور زرعی اراضی کو شدید نقصان پہنچا ۔ذرائع کے مطابق شدید اور مسلسل بارشوں کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہوگئے ،فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا نارتھ کے جوان فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئے اور امدادی و ریسکیو سرگرمیوں کا آغاز کردیا،سیلابی پانی میں پھنسے شہریوں کو بحفاظت نکال لیا ،بند سڑکوں کو ہیوی مشینری کی مدد سے کھول کر ٹریفک کی روانی بحال کر دی گئی۔مقامی افراد نے پاک فوج اور سکیورٹی فورسز کی بروقت امدادی کارروائیوں کو سراہا ہے ۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق دریاؤں، ڈیمز اور بیراجز کی مسلسل نگرانی کا عمل جاری ہے ، تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 99 فیصد، منگلا ڈیم میں 64 فیصد ،تھین ڈیم 50 فیصد، اقر پونگ ڈیم 47 فیصد اور بھاکڑا ڈیم میں پانی کی سطح 43 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے ،تاہم کہیں کہیں ہلکی بارش یا بوندا باندی ہو سکتی ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...