گوجرانوالہ: ولیمے پر دلہن کے قتل کا ملزم مبینہ مقابلے میں ہلاک
مدو خلیل روڈ پر 4مسلح افراد کی سی سی ڈی کی گاڑی دیکھ کر فائرنگ ،3ساتھی فرا ر،ہلاک ملزم کی شناخت سرفراز کے نام سے ہوئی کامونکے میں بھی مبینہ مقابلے میں شوٹر ماراگیا، سنگین وارداتوں میں مطلوب 3 بین الاضلاعی ڈاکو زخمی حالت میں پکڑے گئے
گوجرانوالہ، کامونکے (نیوز رپورٹر،تحصیل رپورٹر )گوجرانوالہ میں ولیمے کے دن نئی نویلی دلہن کو قتل کرنے والا مرکزی ملزم سرفراز سی سی ڈی کے ساتھ مبینہ مقابلے کے دوران اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا، جبکہ پولیس نے کارروائی کے دوران ایک اور ملزم کو بھی گرفتار کر لیا ہے ۔سی سی ڈی ذرائع کے مطابق کارروائی مدو خلیل روڈ کے قریب اس وقت پیش آئی جب دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار مسلح افراد نے
سی سی ڈی کی گاڑی دیکھ کر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس کی جوابی کارروائی اور فائرنگ کے تبادلے کے دوران ملزمان کا ایک ساتھی شدید زخمی ہو گیا جبکہ اس کے تین دیگر ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔زخمی شخص کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت سرفراز کے نام سے ہوئی ہے ، جو پولیس ذرائع کے مطابق اپنے ہی ساتھیوں کی گولیاں لگنے سے ہلاک ہوا۔سی سی ڈی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم سرفراز نے 24 اکتوبر کی شام سمن آباد چونگی کے قریب صباء نامی لڑکی کو اس کے ولیمے کے روز اس وقت قتل کر دیا تھا جب اس نے کسی اور سے شادی کی تھی۔ اس دردناک واقعہ کے بعد ملزم کراچی فرار ہو گیا تھا اور بعد ازاں سندھ اور بلوچستان میں روپوش ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔سی سی ڈی کی خصوصی ٹیمیں مسلسل ملزم کا تعاقب کر رہی تھیں۔ ملزم جیسے ہی گوجرانوالہ واپس پہنچا، مدو خلیل روڈ پر سی سی ڈی اہلکاروں کے ساتھ اس کا سامنا ہو گیا۔سی سی ڈی حکام کے مطابق ایک اور الگ کارروائی کے دوران ہلاک ملزم کے ساتھی حمزہ کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے ،
جبکہ کیس کی نامزد ایک اور ملزمہ عروب کو پولیس پہلے ہی گرفتار کر چکی ہے ۔ فرار ہونے والے دیگر ملزمان کی تلاش میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔دریں اثنا کامونکے میں مبینہ پولیس مقابلوں میں شوٹر ہلاک جبکہ دو ڈاکو شدید زخمی ہوگئے ۔ گزشتہ رات صدر پولیس قتل کے مقدمہ کے شوٹر باقر کوٹ کے علی حسن کو اسلحہ کی برآمدگی کے لیے لے جا رہی تھی کہ دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار افراد نے پولیس پارٹی پر حملہ کرکے اسے چھڑوا لیا۔ موضع راجہ بھلہ کے قریب ناکہ بندی کرکے ملزمان کو روکنے کی کوشش کی گئی۔ اس دوران مبینہ پولیس مقابلے میں شوٹر علی حسن مارا گیا۔ سٹی پولیس نے لیڈی پارک روڈ پر موٹر سائیکل سوار دو مشکوک افراد کو روکنے کی کوشش کی، لیکن انہوں نے گرفتاری سے بچنے کے لیے موٹر سائیکل بھگا دی۔ ریلوے انڈر پاس کے قریب موٹر سائیکل گرنے سے دونوں کی ٹانگیں ٹوٹ گئیں۔ زخمیوں کی شناخت گوجرانوالہ کے محمد بلال اور مرالیوالا کے عبدالعظیم کے نام سے ہوئی ہے ۔ لاش اور زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments