امریکانے ایران کو دھمکانے کی کوشش کی ،آیت اللہ خامنہ ای

امریکانے ایران کو دھمکانے کی کوشش کی ،آیت اللہ خامنہ ای

فوجی دھمکیاں جوہری مذاکرات پر اثر انداز ہوسکتی ہیں،ایرانی سپریم لیڈر کی تنبیہ

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک)ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ جوہری مذاکرات میں جنگی کارروائی کی دھمکیوں کی کوئی جگہ نہیں ہے ۔ اُن کے بقول2امریکی اہلکاروں نے ایران کو ڈرانے کی کوشش کی ہے ۔ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے بدھ کے روز اپنے ایک بیان میں کہا کہ گزشتہ دنوں امریکا کی جانب سے دی گئی فوجی کارروائی کی دھمکی جوہری مذاکرات پر اثر اندازہو سکتی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2 امریکی اہلکاروں نے بات چیت کی ناکامی کی صورت میں تہران کو عسکری کارروائی کی دھمکی دی ہے ۔ تاہم انہوں نے اس حوالے سے مزید تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا۔ایران اور 6 عالمی طاقتیں عارضی جوہری معاہدہ کو حتمی شکل دینے کے سلسلے میں اگلے ہفتے ویانا میں مل رہی ہیں۔سرکاری ٹیلی وژن پر اساتذہ کے ایک گروپ سے خطاب میں ان کا مزید کہنا تھا کہ دھمکیوں کے سائے میں 6 عالمی طاقتوں کے ساتھ مذاکرات ایران کے لیے نا قابل قبول ہیں ہماری قوم اسے تسلیم نہیں کرے گی اور اس قسم کی دھمکیاں بات چیت کے لیے فائدہ مند نہیں ہیں ۔ واضح رہے کہ ایران سے عالمی طاقتوں کے مذاکرات کے حوالے سے امریکی سینیٹ کے بعض ارکان کو تحفظات ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں