امریکا:ٹرمپ کو قتل کرنے کی خواہش پر مصری طالبعلم گرفتار
زیرِ تربیت پائلٹ نے فیس بک پر صدارتی انتخاب کی دوڑ میں شامل امیدوار پر کمنٹس کئے السید کو کیلی فورنیا کی ایک جیل میں رکھا گیا ہے ، ملک بدر کرنے کی تیاریاں کررہے ہیں،حکام
کیلیفورنیا (آئی این پی) امریکا میں صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو قتل کرنے کی خواہش ظاہر کرنے والے مصری طالبعلم کو گرفتارکرلیا گیا ، جسے ملک بدر کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ غیر ملکی میڈیاکے مطابق امریکا میں ایک مصری زیرِ تربیت پائلٹ کو فیس بک پر ڈونلڈ ٹرمپ کو قتل کرنے کے بارے میں کمنٹ کرنے پر ملک بدری کا سامنا ہے ۔ مصر سے تعلق رکھنے والے 23 سالہ طالبعلم ایملدین السید نے فیس بک پر لکھا تھا کہ اگر وہ ٹرمپ کو قتل کر دیں تو اس کے لیے دنیا ان کی شکر گزار ہوگی،امریکا میں زیرِ تعلیم اس مصری نوجوان کی وکیل ہانی بشرا کا کہنا ہے کہ ان کے موکل پر سرکاری طور پر فردِ جرم عائد نہیں کی گئی ہے لیکن حکام کوشش کر رہے ہیں کہ انہیں ملک بدر کر دیا جائے ، السید کو کیلیفورنیا کی ایک جیل میں رکھا گیا ہے اور ان کی ملک بدری کا فیصلہ ایک امیگریشن کورٹ کر ے گی۔ طالب علم کی وکیل کا کہنا تھا کہ ان انتخابات میں ہر جانب سے سخت بیانات دیے جا رہے ہیں ، اسی ماحول کی وجہ سے السید نے انجانے میں ایسا کمنٹ لکھ دیا تھا۔ وکیل بشرا حانی نے بتایا کہ امریکا کی سیکرٹ سروس کے اہلکاروں نے ان کے موکل سے رواں برس فروری میں اس وقت پوچھ گچھ کی تھی جب السید نے فیس بک پر لکھا تھا کہ وہ ڈونلڈ ٹرمپ کو قتل کر کے عمر قید کی سزا بھگتنے کیلئے تیار ہے ۔