برطانوی وزیر صحت سکینڈل سامنے آنے پر مستعفی ، پاکستانی کے بیٹے ساجد جاوید عہدے پر فائز
برطانوی وزیر صحت میٹ ہنکوک نے اپنی معاون کے ساتھ سکینڈل سامنے آنے کے بعد عہدے سے استعفیٰ دیدیا
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) جمعہ کو برطانوی میڈیا نے وزیر صحت کی دفتر میں اپنی معاون گینا کولاڈ اینجلو کے ساتھ قابل اعتراض ویڈیو جاری کی تھی، جس پر ان کے خلاف تنقید کا طوفان اٹھ کھڑا ہوا،دونوں کی یہ تصاویر اور ویڈیو 6مئی کو دفتر کی سی سی ٹی وی فوٹیج سے حاصل کی گئی تھیں،اپوزیشن ارکان نے ان کے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کی وبا کے دوران وزیر صحت نے سماجی دوری اختیار کرنے کے اپنے ہی نافذ کردہ قوانین کی خلاف ورزی کی ہے ۔ ویڈیو سامنے آنے پر وزیر صحت نے معذرت کرلی تھی،جس پروزیراعظم ہاؤس کے ترجمان نے کہا تھا کہ بورس جانسن نے ان کی معذرت قبول کرلی ہے اور انہیں وزیر صحت پر مکمل بھرو سا ہے ۔ہفتے کو میٹ ہنکوک کے بعد ان کی معاون نے بھی استعفیٰ دیدیا،جس کے بعد وزیر اعظم نے استعفیٰ منظورکرتے ہوئے پاکستانی نژاد ساجد جاوید کو نیا وزیر صحت مقرر کردیا۔گینا کولاڈ اینجیلو اور میٹ ہنکو ک کلاس فیلو ہیں،وزیر صحت نے انہیں گزشتہ ستمبر میں اپنی معاون مقرر کیا تھا،دونوں کے 3،3 بچے ہیں۔