روس کا میزائل تجربے میں سیٹلائٹ تباہ کرنے کا اعتراف
روسی اقدام غیر ذمہ دارانہ ، مدار میں موجود خلائی سٹیشنوں کیلئے خطرناک ، نیٹو
ماسکو ، برسلز (اے ایف پی)روس نے میزائل تجربے کے دوران اپنا ایک سیٹلائٹ تباہ کرنے کا اعتراف کر لیا۔ روسی وزارت دفاع نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ روسی فوج نے میزائل کا ایک کامیاب تجربہ کیا جس کے نتیجے میں ایک روسی سیٹلائٹ تباہ ہو گیا جوکہ 1982 سے زمین کے مدار میں تھا۔ ناسا کے مطابق انٹرنیشنل سپیس سٹیشن پر موجود عملہ جس میں چار امریکی، ایک جرمن اور 2 روسی تھے ، میزائل دھماکے سے خوفزدہ ہو کر پناہ کیلئے اپنے خلائی جہازوں میں واپس چلے گئے تھے ۔ سیکرٹری جنرل نیٹو سٹولٹن برگ نے سیٹلائٹ کو میزائل سے تباہ کرنے کے روسی اقدام کو انتہائی غیر ذمہ دارانہ قرار دے دیا۔ رپورٹروں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ روسی سیٹلائٹ کے میزائل سے تباہ کئے جانے سے پیدا ہونیوالا ملبہ زمین کے مدار میں چکر لگانے والے خلائی سٹیشنوں کیلئے خطرناک ہے ، جن میں انٹرنیشنل سپیس سٹیشن کے علاوہ چینی خلائی سٹیشن بھی شامل ہیں۔روسی وزارت دفاع نے سیٹلائٹ شکن میزائل تجربے پر امریکی بیان کو منافقانہ قرار دے دیا۔