پاکستان کی امن کوششوں پر بھارت نے منفی جواب دیا:جلیل جیلانی
نیویارک،اسلام آباد(وقائع نگار،نیوز ایجنسیاں) نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ بھارتی سکھ برادری کے لیے ویزا فری آمد کے لیے کرتار پور راہداری کھولنے سمیت پاکستان کی جانب سے کیے گئے مثبت اور امن و آشتی کے اقدامات کا جواب بھارت کی جانب سے منفی انداز میں دیا گیا ہے ۔
مقبوضہ جموں و کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل پر پرامن تعمیری بات چیت کا مطالبہ کر رہے ہیں،سرحد پار سے ہونے والے حملوں کے معاملے پر افغان عبوری انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیویارک میں منعقدہ ایشیا سوسائٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،دریں اثنا نگران وزیر خارجہ جلیل جیلانی کی نیویارک میں سعودی عرب ،کیوبا ،مالٹا، بیلاروس کے وزرا ئے خارجہ سے ملاقاتیں بھی ہوئیں، سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان کے ساتھ ملاقات میں پاک سعودیہ تعلقات، معاشی، تجارتی، توانائی اور سرمایہ کاری شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، نگران وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان سعودی وزیراعظم، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورے کا بے چینی سے منتظر ہے ۔کیوبا کے وزیر خارجہ برونو راڈریگوئز پاریلا سے ملاقات میں دوطرفہ، کثیرالجہتی اور علاقائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ مالٹا کے وزیر خارجہ ایان بورگ سے ملاقات میں تجارتی، اقتصادی، سرمایہ شعبوں میں تعاون میں وسعت پر اتفاق کیا گیا، اس موقع پر انفارمیشن ٹیکنالوجی، ادویہ سازی، صحت، نئے کاروباروں کی تشکیل پر تعاون میں وسعت پر بھی اتفاق کیا گیا۔بیلاروس کے وزیر خارجہ سرگئی ایلینک سے ملاقات میں باہمی تعاون، جنوری میں پاک بیلاروس مشترکہ اقتصادی کمیشن کے چھٹے اجلاس کے معاہدات پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔