کینیڈا کیساتھ بھارتی کشیدگی مغرب کیلئے انتباہ:انوار کاکڑ

نیویارک (اے ایف پی)وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ مغربی دنیا بھارت کی دائیں بازو کی قیادت کی اصل حقیقت کا ادراک کرنے میں ناکام رہی ہے ،کینیڈا کیساتھ کشیدگی مغرب کیلئے انتباہ ہے ۔۔۔
نیویارک میں خارجہ تعلقات کونسل سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہندوتوا کے نظریہ سازوں کے حوصلے اتنے بڑھ چکے ہیں کہ اب وہ خطے سے باہر کارروائیاں کر رہے ہیں، کینیڈا کی سرزمین پر سکھ رہنما کا قتل سے اس منفی رویئے کی عکاسی ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ معاشی اور سٹریٹجک وجوہات کے پیش نظر اکثر مغربی ممالک اس حقیقت کا دانستہ نظر انداز کر دیتے ہیں۔ٹی ٹی پی اور داعش کا دوبارہ سر اٹھانا پاکستان اور دنیا بھر کیلئے تشویش کا باعث ہے ، بھارتی ہندو توا پالیسی سے پورے خطے کو خطرات لاحق ہیں، امریکا پاکستان کی سب سے بڑی برآمدی منزل ہے ، گزشتہ سال تک پاکستان سے امریکا کو برآمدات 8.4 ارب ڈالر تک پہنچ گئی تھیں۔
نگران وزیراعظم نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78 ویں اجلاس کے موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس سے ملاقات کی ،انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ تنازع کشمیر کے حل کیلئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادو ں پر عملدرآمد کرایا جائے ،وزیراعظم نے موسمیاتی تبدیلی کے سنگین خطرات کے پیش نظر ترقی یافتہ ممالک کی جانب سے موسمیاتی مالیاتی وعدوں کی تکمیل کی اہمیت پر زور دیا، وزیراعظم نے پائیدار ترقی کے اہداف کو تقویت دینے اور ایس ڈی جیز ایجنڈے کو آگے بڑھانے کیلئے تجویز کردہ اقدامات کیلئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے عالمی مالیاتی تبدیلی کے مطالبے کو سراہا ،وزیراعظم نے 5 اگست 2019 کو بھارت کے غیر قانونی زیرتسلط جموں و کشمیر میں غیر قانونی اوریک طرفہ اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل کو بھارت کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے جموں و کشمیر کے تنازع کے حل کے لئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کروانے پر زور دیا۔وزیراعظم کی چینی نائب صدر ہان چنگ سے بھی ملاقات ہوئی، انوار الحق کاکڑ نے کہا جموں و کشمیر متنازعہ علاقے میں جی 20 اجلاس کے انعقاد کی چین کی سخت مخالفت کو سراہتے ہیں،نگران وزیراعظم نے چینی نائب صدر کو جلد دورہ پاکستان کی دعوت دی جو کہ انہوں نے قبول کر لی۔نگران وزیراعظم سے ریو ٹنٹو گروپ کے سی ای او جیکب سٹوشولم نے بھی ملاقات کی، جس میں پاکستان کے کان کنی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم آج جمعہ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78ویں اجلاس سے خطاب کرینگے جس میں وہ مسئلہ کشمیر سمیت مختلف علاقائی اور عالمی امور پرپاکستان کا نقطہ نظر پیش کرینگے ۔