کینیڈین وزیراعظم کا ایک بار پھر بھارت پر سکھ رہنما کے قتل میں ملوث ہونے کا الزام
اوٹاوا(مانیٹرنگ ڈیسک)کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے ایک مرتبہ پھر سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کے الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ۔۔۔
انہیں یقین ہے امریکی وزیر خارجہ سکھ رہنما کے قتل پر بھارت سے بات کریں گے ۔ اوٹاوا میں صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن بھارتی ہم منصب سے سکھ رہنما کے قتل کی تحقیقات میں تعاون کے حوالے سے بات کریں گے ۔ ادھر کینیڈا کی سکیورٹی ایجنسی نے خبردار کیا ہے کہ مقتول سکھ رہنما ہردیپ سنگھ کے ساتھی کو بھی بھارتی ایجنسیوں کی طرف سے جان کا خطرہ ہے ۔کینیڈین میڈیا کے مطابق ‘‘خبردار کرنا فرض ہے ’’ کے عنوان سے ایک دستاویز مقتول ہردیپ سنگھ کے ساتھی گورمیت سنگھ کو بھیجی گئی ، جسے خالصتان کے حامی گروپ سکھ فار جسٹس نے پبلک کر دیا۔ گورمیت سنگھ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سرے پولیس کی ٹیم 24 اگست کی رات اس کے گھر آئی اور خبردار کیا کہ پولیس کو متعدد ذرائع سے اطلاع ملی ہے کہ اسے جان کو خطرہ ہوسکتا ہے ۔