ارجنٹائن کا انٹرپول سے ایرانی وزیر داخلہ کو گرفتار کرنیکا مطالبہ

ارجنٹائن کا انٹرپول سے ایرانی وزیر داخلہ کو گرفتار کرنیکا مطالبہ

بیونس آئرس،کولمبو(اے ایف پی)ارجنٹائن نے یہودیوں کے کمیونٹی سنٹر میں بم دھماکوں کے الزام میں انٹرپول سے ایرانی وزیر داخلہ احمد واحدی کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔

اے ایف پی کے مطابق 1994 میں ارجنٹائن کے شہر بیونس آئرس میں یہودیوں کے کمیونٹی سنٹر میں دھماکے سے 85 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے تھے جس کا الزام احمد واحدی پر لگایا گیا تھا جبکہ ایران نے حملے میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے ۔ارجنٹائن کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ایرانی وزیر داخلہ پاکستان اور سری لنکا کا دورہ کرنے والے وفد کا حصہ ہیں ، انٹرپول نے ارجنٹائن کی درخواست پر ریڈ نوٹس جاری کرتے ہوئے دونوں ملکوں کی حکومتوں سے ان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے ۔ سری لنکا کی وزارت خارجہ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ وزیر داخلہ احمد واحدی وفد میں شامل نہیں ۔ایرانی سرکاری نیوز ایجنسی ارنا کا کہنا ہے کہ احمد واحدی منگل کو وطن واپس لوٹ آئے تھے ۔دوسری جانب گزشتہ روز ایرانی صدر ابراہیم رئیسی پاکستان کے تین روزہ دورے کے بعد سری لنکا پہنچ گئے جہاں انہوں نے بجلی اور آبپاشی کے ایک منصوبے کا افتتاح کیا ، رئیسی نے اوما اویا کے مقام پر ایک عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مغربی ممالک نے دوسروں کو یہ باور کرانے کی کوشش کی کہ وہ علم اور ٹیکنالوجی کا واحد ذریعہ ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ ایرانی ماہرین کی صلاحیتیں کسی سے کم نہیں ۔ بعد ازاں ابراہیم رئیسی دارالحکومت کولمبو گئے جہاں سری لنکا کے صدر رانیل وکرما سنگھے کے ساتھ بات چیت سے قبل انہیں 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

 

 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں